کالمز

سی پیک میں گلگت بلتستان کے حصے کا جائزہ

شاہ عالم علیمی 

وفاقی حکومت نے مالی سال 22-2021 کے بجٹ کا اعلان کردیا ہے۔ تقریباً ساڑھے 8 کھرب روپے کے اس بجٹ کو پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا دعوی تھا کہ یہ ترقیاتی بجٹ ہے۔ مگر مہنگائی میں تین سو گنا اضافہ کرنے والوں نے غریب مزدور کے اجرت میں دو فیصد سے اگے اضافہ نہیں کرسکے۔

بہرحال میرا یہاں مقصد رونا دھونا نہیں بلکہ سرکار وفاقی کے زیر اختیار ایک عالمی منصوبے یعنی پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک)  کے تناظر میں اس منصوبے میں گلگت بلتستان کے جائز حصے کا جائزہ لینا ہے۔ یہ بات ہم سب جانتے ہیں کہ چین وہ ملک ہے جو اپنے منصوبے خفیہ رکھ کر اگے بڑھاتا ہے چاہئے وہ عالمی ترقیاتی منصوبے ہوں یا دوسرے ممالک کے لئے قرضے ہوں۔ ایسا ہی معاملہ سی پیک میں پاکستان کے ساتھ ہوا ہے۔ اس منصوبے کے تمام دستاویزات خفیہ رکھا گیا۔ اور کسی بھی عام شہری کو اس کے ٹرمز اینڈ کنڈیشنز کے حوالے سے کوئی خبر نہیں ہے۔ جب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اس معاملے کو پپلک کرنے کا اعلان کردیا تو چینی سرکار کافی ناراض نظر ائی۔ اور تحریک انصاف کی حکومت کے ابتدائی سالوں میں چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں کافی سردمہری نظر ائی۔

بہرحال سی پیک ایک بہت بڑا منصوبہ ہے۔ جس کے تحت پاکستان میں کھربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اگرچہ ابھی تک کوئی ایسا سورس نہیں ملا جس سے پتا چل سکے کہ اس منصوبے پر اصل میں کتنا رقم خرچ ہورہا ہے تاہم وزارت منصوبہ بندی کی ویب سائیٹ اور اس سال کے بجٹ کاپی سے اس کا کسی حد تک اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

بجٹ کاپی کے مطابق اب تک اس منصوبے پر 13 ارب ڈالر یعنی دو ہزار اٹھاسی ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں۔ یہ رقم 17 منصوبوں پر خرچ ہوچکا ہے۔ جبکہ 21 جاری منصوبوں پر 21 ارب ڈالر یعنی تین ہزار دو سو ارب روپے خرچ ہورہے ہیں۔ جبکہ سٹریٹجک نوعیت کے 26 منصوبے منصوبہ بندی کے مراحل میں ہے جن پر 28 ارب ڈالر یعنی چار ہزار تین سو ارب روپے خرچ ہوں گے۔

سی پیک منصوبہ ہو یا پاکستان کی چین کے ساتھ ہمسائیگی و دوستی ہو ہر دو گلگت بلتستان کی بدولت ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ اس  9328 ارب روپے کے میگا منصوبے میں ابھی تک گلگت بلتستان کا شئیر دس روپے بھی نہیں ہے۔ لیکن وزارت منصوبہ بندی سے جب میں نے رجوع کیا تو اس کے مطابق گلگت بلتستان میں اس منصوبے کے تحت مقپون داس سپیشل اکنامک زون کا منصوبہ شامل ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پر کام کا اغاز ہونا تو دور کی بات ابھی تک زمین بھی الاٹ نہیں کی گئی ہے۔ 10 جنوری 2021اکو ایک وفاقی وزیر جو کہ جی بی سے متعلقہ ایک وفاقی وزارت کی سیٹ پر براجمان ہیں نے اپنے دورہ گلگت کے موقع پر کہا تھا کہ اس منصوبے کے لیے زمین حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ کے آئی یو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور پھنڈر 80 میگا واٹ پاور پروجیکٹ اس منصوبے میں شامل ہونے کا دعویٰ ہے تاہم ان منصوبوں پر انے والے دس بیس سالوں میں کام ہونے کے امکانات بھی واضح نہیں ہے۔

دوسری طرف حال یہ ہے کہ پنجاب سندھ خیبر پختونخواہ کے علاقوں میں اربوں ہا روپے خرچ ہوچکے ہیں۔ جبکہ کوہساروں کے باسیوں یعنی گلگت بلتستان اور چترال کی بات کی جائے تو ریاست نے ہمیشہ ان مخصوص تمدن رکھنے والے معاشروں کو نظر انداز ہی کیا ہے۔ وزارت منصوبہ بندی کے مطابق چترال شندور روڑ سی پیک میں شامل ہے 2017 میں اس منصوبے کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ اس کے لئے 22 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور اس پر جلد کام شروع ہوگا پھر

  2018میں اس منصوبے کی منظوری ایکنک سے بھی ہوئی روڑ پر مقتدر حلقوں کے مطابق ابھی تک ایک کروڑ روپے خرچ بھی ہوئے ہیں۔ ہم اس کو اشک شوئی سے تعیبر کریں گے۔ اسی طرح گلگت شندور روڑ کی ایکنگ سے منظوری ہوئی ہے تاہم جی بی کی موجودہ حکومت کے دعویٰ کے برعکس یہ منصوبہ سی پیک میں شامل نہیں ہے۔

 جبکہ وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کے لئے 162 ارب روپے کے مخصوص ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے جو کہ اگلے پانچ سال میں خرچ ہونا ہے۔ ایسے پیکچز بلوچستان کو پچھلے کئی دہائیوں سے دیا جاتا رہا ہے جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ اوپر سے یہ رقم بہت محدود ہے۔ ایک اہم مسلہ گندم سبسڈی کے نام پر گلگت بلتستانیوں پر ایک احسان جتانے والا مسلے کا ہے۔ سچ یہ ہے کہ پورے ملک میں ہر سال ایک ہزار ارب روپے سے اوپر کی سبسڈی دی جاتی ہے۔ جی بی کی گندم سبسڈی  تو اس کے سامنے اونٹ کے منہ میں زیرا ہے۔ دوسری طرف این ایف سی ایوارڈ میں گلگت بلتستان کو شامل ہی نہیں کیا جاتا۔ اور تو اور دریائے سندھ کی رائلٹی سے لیکر اِن ڈائریکٹ ٹیکسز Indirect taxes کی مد میں جو اربوں روپے جی بی سے وفاق کے اکاؤنٹ میں جاتے ہیں ان کا نام بھی نہیں لیاجاتا۔ وفاقی ٹیکسوں میں صوبوں کا حصہ تقریباً ساڑھے تین ہزار ارب روپے ہیں۔ اس میں جی بی کا حصہ ایک دو فیصد تو ہے۔ جبکہ وفاق جی بی کو اس سلسلے میں مناسب رقم ٹرانسفر کرنے کے بجائے پیکچز میں الجھا رہی ہے۔ جو کہ مناسب نہیں ہے۔

ایسی صورتحال میں وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ ان علاقوں کے لیے موجودہ زمانے میں ان کی بین الاقوامی واضح اہمیت اور وہاں موجود پسماندگی اور غربت و بے روزگاری کے پیش نظر کم از کم پانچ سو ارب روپے کے پیکچ کا اعلان کرے بھلے ہی اس میں سی پیک کے منصوبے بھی شامل ہو اور ہر سال سو ارب روپے ہنگامی بنیادوں پر خرچ کرے۔ چترال سے شندور شندور سے گلگت اور گلگت سے سکردو موٹروے کی تعمیر کرے۔ ہر ضلعے میں ہائیڈرو پاور پلانٹ لگائے جو اس ضلعے کے باسیوں کو روشنی کے علاوہ گھریلو ضروریات یعنی فیول کے طور پر استعمال کرنے کے لئے کافی ہو۔ یہ اسی لیے بھی کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ پانچ ملکوں میں شامل ہے۔ اور موجودہ حکومت اس مسلے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ ان پہاڑی علاقوں میں جلانے کی لکڑی جنگل سے حاصل کیا جاتا ہے جس سے جنگلات کو بے تحاشا نقصان پہنچا ہے۔ گھریلوں ضروریات کو بجلی پر منتقل کرنے کے بعد جنگلات کو بچایا جاسکتا ہے۔ وہاں ہر گھر کو بجلی مہیا کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ ان علاقوں کی ابادی کم ہے اور  سب سے سستی پن بجلی ان علاقوں میں پیدا کی جاسکتی ہے۔ بے روزگاری ختم کرنے کے لئے چین کے تعاون سے بلتستان گلگت اور چترال ہر تین ڈویژنز میں ٹیکنکل ایجوکیشن کے تین ادارے قائم کرے تاکہ نوجوان فنی تعلیم و تربیت حاصل کر کے ملک سے باہر روزگار حاصل کرنے کے قابل ہوسکے۔ اگرچہ موجود صوبائی حکومت گلگت میں میڈیکل کالج بنانے کا دعویٰ کررہی ہے لیکن اس کو ترجیحی بنیادوں پر نیک نیتی سے مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔ میڈیکل کالج کی طرح انجینئرنگ کالج کی بھی ضرورت ہے۔ اس پر بھی کام ہونا چاہیے۔ اسی طرح تمام سرکاری اسکولوں کو اپ گریڈ کرکے ماڈل سکول کا درجہ دینے اور یونین کونسل کی سطح پر انٹر کالجز کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ تمام تحصیلوں کی سطح پر ہسپتال کی عمارتیں تو ہیں لیکن اندر ڈاکٹر ہے نہ دوائی۔ حکومت کو ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی تعیناتی یقینی بنانے کے لئے کوئی حکمت عملی اپنانا ہوگی ورنہ تنخواہیں کہیں سے لیکر ڈیوٹی کہیں اور کرنے کا سلسلہ نہیں رکے گا۔ نیٹکو NATCO کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ نیٹکو کی گاڑیاں پرانی ہوچکی ائے روز حادثات رونما ہورہے ہیں۔ اس مسلے کے علاوہ سیاحت  کو سامنے رکھتے ہوئے نیٹکو کو جدید بسوں سے لیس کرنے کی ضرورت ہے۔

 گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت وفاق سے سی پیک میں اپنے جائز حصے کا دو ٹوک مطالبہ کرے اور این ایف سی ایوارڈ میں مناسب حصے کا مطالبہ کرے۔ دریائے سندھ کی رائلٹی وفاق اور خیبرپختونخوا حکومت اپس میں بانٹتی ہیں جبکہ اس پر حق گلگت بلتستان کا ہے۔ وفاق گندم سبسڈی اور پیکچز کے احسانات دینے کے بجائے اِن ڈائریکٹ ٹیکسوں اور رائیلٹیز کا رقم گلگت بلتستان کو مہیا کرے۔  بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو جی بی میں سرمایہ کاری کرنے کی اجازت دے اور ٹیکس نیٹ کو بڑھائے۔ اس طرح مقامی حکومت باعزت طریقے سے اپنا بجٹ بنانے کے قابل ہوسکتی ہے۔ بصورت دیگر پیکچز اور سبسڈیز سے نہ ترقی ممکن ہے اور ہی غربت و پسماندگی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button