کالمز

درکوت کے نالے: تاریخی اور جغرافیائی پس منظر

ٹریکنگ، ایڈوینچر ، کیمپنگ اور اسکیئنگ کے شوقین سرپھرے اور من چلے نوجوانوں کے لئے قدرت کاحسین تحفہ

ٹور کے لئےبہترین وقت : جون سے اگست

وادی درکوت ایک انتہائی خوبصورت چھوٹا سا گاؤں ہے جو گلگت بلتستان کے علاقے ضلع غذر  کے تحصیل یاسین میں واقع ہے، گلگت شہر سے 185 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس کی 45 کلومیٹر (4800 فٹ بلند) طویل بارڈر مشرق میں اشکومن اور شمال میں بروغیل، مغرب میں تھوئی اور جنوب کی طرف گلگت کو ملاتا ہے۔ محل وقوع کے اعتبار سے یہ علاقہ سنٹرل ایشیائی ممالک کا بام دروازہ کہلاتا ہے۔  وادی درکوت میں کم و بیش نو  نالے موجود ہیں،  جن میں سے پانچ کافی اہمیت کے حامل ہیں۔ یہ نالے درکوت کے مشرق، مغرب، شمال اور جنوب میں واقع ہیں۔ یوں تو ان نالوں کے اپنے اپنے خصوصیات ہیں، لیکن ایک خصوصیت قدرے مشترک اور منفرد اس لئے ہے، کہ ہر نالہ کسی دوسرے علاقے کو جوڑنے اور رابطے یعنی آنے اور جانے کا راستہ فراہم کرتا ہے۔ جغرافیائی اعتبار سے ان کی اہمیت اور انفرادیت کے پیش نظر ذیل میں مختصرجائزہ قارئین کی خدمت میں پیش کرتا ہوں۔

1۔ گیکوشی نالہ

گیکوش درکوت کے شمال میں واقع ہے۔ مشہور گرم چشمہ، روات اور ہلبچی جیسے حسین و جمیل جگہیں گیکوش میں واقع ہے۔ خوشبودار اور بہترین معیارکازیرہ بھی اسی علاقے میں پایا جاتا ہے۔ زیرہ قدرتی طور پر اگتے ہیں اور بغیر کسی افرادی قوت کے خود بخود نشونما پاتے ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق زیرہ کی سالانہ پیداوار تقریباً چالیس سے پچاس من ہے۔ گیکوشی براستہ پیدل بروغول سے ہوتے ہوئے سنٹرل ایشیا کو ملاتا ہے اور ساتھ ساتھ بروغول سے ہوتے ہوئے چترال کو بھی ملاتا ہے۔ درکوت سے بروغول تقریباً چودہ سے پندرہ گھنٹے کا پیدل سفر ہے، جس میں تقریباً تین سے چار گھنٹے مسلسل گلیشر کا خطرناک راستہ بھی شامل ہے۔

2۔ دولولنگ نالہ

دولنگ درکوت کے شمال مغرب میں واقع ہے۔ یہ علاقہ قدرتی جھیلوں، گلیشرز، اور صفید پتھروں کی وسیع علاقے پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ قدرتی پھول پونر، قدرتی پھل جکب اور قدرتی سبزی لقاء اور قدرتی پیاز کے وسیع میدان کھیتی نما شکل میں موجود ہیں۔ اس علاقے میں ایک خوبصورت لال رنگ کا جنگلی جانور ترچون بھی کثیر تعداد میں پائے جاتے ہیں، جو جگہ جگہ پتھروں پر کھڑے اپنی مخصوص آواز میں آپ کا استقبال کرتے نظر آتے ہیں، اور قریب جاتے ہی اپنے بل میں چھپ جاتے ہیں۔ یہ علاقہ بھی درکوت بروغول اور درکوت تھوئی کو ملاتا ہے، لیکن اس سے بہتر اور آسان راستے کی موجودگی کے پیش نظر، یہ راستہ عموماً استعمال نہیں کیا جاتا۔ درکوت سے دولنگ نالے کا پیدل سفر تقریباً چار گھنٹے پر مشتمل ہے۔

3۔ غموبر نالہ

غموبر درکوت کے مغرب میں واقع ہے۔ اس کی شہرت اور خصوصیت جیسا کہ اس کے نام سے ہی ظاہر ہے، گلیشرز ہیں۔ غموبر کے شروعات میں گلیشرز کے پانی سے بھرا ہوا ایک خوبصورت جھیل بھی ہے، جو ایک خوبصورت پکنک پائنٹ کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ یہاں ایک اور چھوٹا نالہ کھرے گل، جو جنوب کی جانب سے غموبر کے ساتھ ملتا ہے۔ غموبر درکوت اور تھوئی کو ملاتا ہے، جو تقریباً چار سے پانچ گھنٹے کے پیدل سفر پر مشتمل ہے۔

4۔ نوبر نالہ

نوبر درکوت کے مشرق میں واقع ہے۔ قدرت نے نوبر کو بہت سے قیمتی اثاثوں سے نوازا ہے۔ حال ہی میں قیمتی پتھروں کا خزانہ اور انٹرنیشنل اسکیئنگ بیس کی دریافت اسی نالے میں ہوئی ہے۔ فرانسیسی کوہ پیما ٹیفن ڈوپیر، بورس لینجینسٹین، اوریلیا لانو اور گیلوم پیئر نے نوبر میں واقع بوہرک نالہ میں گرموش نامی پہاڈ کو دنیا کے نقشے پہ لایا، جس کی بلندی 6244 میٹر ہے۔ اس علاقے سے دریافت شدہ قیمتی پتھروں کے مائننگ کے لئے روڈ کی تعمیر کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے، اس کے بعد مائننگ کا کام شروع ہوگا۔ یہ علاقہ وادی گارتینز (درکوت بالا) سے شروع ہوتے ہوئے اشکومن کے بارڈر تک پھیلا ہوا ہے۔ رقبے کے اعتبار سے یہ درکوت کا سب سے بڑا نالہ ہے۔ ہنیسرپر، غاشوغول، المبر، چھلی ہرنگ اور بھوہرک جیسے خوبصورت نالے، جن پر ایک الگ مضمون لکھنے کی ضرورت ہے۔ معلومات کی کمی کے پیش نظر یہاں صرف مختصر نام لیا گیا ہے، یہ سارے علاقے درکوت کو اشکومن سے ملاتے ہیں، اور درکوت سے اشکومن کا سفر تقریباً نو سے دس گھنٹے پر مشتمل ہے۔

وادی گارتینز (درکوت بالا) کا بیشتر حصہ مکمل رہائش کے لئے استعمال ہوتا ہے، جہاں روڈ اور بجلی کا نظام بھی موجود ہے۔

5۔ خلتر فری

یہ حسین و جمیل جھیل درکوت کے مشرق کی طرف واقع ہے۔ سطح سمندر سے 3849 میٹر بلند  پہاڑ کے چوٹی پر قدرتی طور پر پایا جانے والا یہ جھیل کسی عجوبے سے کم نہیں۔ اس جھیل کے ارد گرد خوبصورت اور خوشبودار قدرتی پھول موجود ہیں۔ جو اس کی خوبصورتی میں مذید اضافہ کرتے ہیں۔ اس جھیل سے ابشار کی صورت میں پربت کی اونچا ئی سے گرتا ہوا پانی ایک حسین نظارہ پیش کرتا ہے، جسے آپ اوملست سے درکوت کی طرف آتے ہوئے نظارہ کر سکتے ہیں۔ یہ علاقہ بھی درکوت اشکومن کو ملاتا ہے۔

درکوت کا جنوبی علاقہ تحصیل یاسین اور ڈسٹرک غذر کے تمام علاقوں سے ہوتا ہوا گلگت پہنچ جاتا ہے ۔

آپ کی رائے

comments

متعلقہ

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button