اہم ترین

شاہراہ قراقرم پر ہولناک بس حادثے میں جان بحق ہونے والوں کی تعداد 21 ہوگئی

چلاس/گلگت: آج صبح سویرے تقریباً پانچ بجے کے قریب ایک مسافر بس گونر فارم چلاس کے علاقے میں ایک گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جان بحق اور زخمی ہو گئے ہیں۔ 

حادثے میں جان بحق ہونے والے افراد کی تعداد چند گھنٹے قبل تک 16 بتائی جارہی تھی، جو اب بڑھ کر 21 ہوگئی ہے، جبکہ 20 کے لگ بھگ زخمی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر دیامر فیاض احمد نے اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ حادثہ چلاس سے 20 کلومیٹر شمال کی جانب تیز رفتاری یا بس کے قابو ہونے کے باعث پیش آیا ہے۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوے مزید کہا ہے کہ زخمیوں میں سے پانچ کی تعداد نازک ہے، جن میں سے بروقت علاج کے لئے دو شدید زخمیوں کو گلگت شہر منتقل کردیاگیا ہے، جبکہ باقیوں کی منتقلی کے لئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ 

جاں بحق اور زخمی ہونے والے مسافروں کا تعلق گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع، اسکردو، گلگت، نگر، ہنزہ، اور کے پی کے، آزاد جموں و کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں سے بتایا جارہاہے۔

یہ المناک حادثہ مارکوپولو کمپنی کی بس نمبر LES – 8831 کے ساتھ پیش آیا۔ حادثے میں زندہ بچ جانے والے بس کے کنڈیکٹر نے پامیر ٹائمز کو چلاس ہسپتال میں بتایا کہ حادثے سے پہلے بس کے عقبی ٹائر کی طرف سے ایک آواز آئی، جس کے بعد ڈرائیور نے بس کو قابو میں لانے کی کوشش کی مگر اسے کھائی میں گرنے سے نہ بچا سکے۔  

حادثےکے بعد چلاس ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

دوسری طرف وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کو زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button