کالمز

راجہ غلام محی الدین ( پہلوان بہادر )

ظفراقبال

ضلع غذر ماضی قریب میں جغرافیائی اعتبار سے گلگت بلستان کے دیگر علاقوں سے زیادہ اہمیت کا حامل خیال کیا جاتا تھا ۔اس کی ایک وجہ  یہ تھی کہ یہ علاقہ بشمول چترال گریٹر بدخشان کی سیاسی حالات سے براہ راست متاثر ہوتا تھا ، ضلع غذر اور چترال  میں پائیدار سیاسی ماحول کے لئے فیض آباد ، بخارہ ، سمرقند اور کابل کے حکمرانوں سے قریبی تعلقات قائم کرنا نا گزیر تھا ۔

 مہتر امان الملک کی حکومت کے ابتدائی دور سے ہی ضلع غذر بشمول مستوج کے بڑے سیاسی فیصلے غیر محسوس انداڑ میں انہی کے ہاتھ میں تھا ۔ اسی لئے مہتر نے امیر کابل ،فیض آباد کے گورنر ، سمرقند و بخارہ کے حکمرانوں سے قریبی رشتہ داریاں قائم کئے تھے۔
1860  سے1870 تک ورشگوم میں ہونے والے سیاسی فیصلےمہتر امان الملک کے ہاتھ میں تھے ۔ 1870  میں راجہ میر ولی خان کو حکومت سے ہاتھ دھونا پڑا ، اور مستوج کے حاکم راجہ پہلوان بہادر  ورشگوم کا  حاکم مقرر ہوا۔
آج میں اپنی تحریر میں راجہ پہلوان بہادر کی شخصیت کا احاطہ کرنے کی ادنی سی کوشش کروں گا ، میں جان بڈلف کی ایک رپورٹ کی  روشنی میں جو کہ   1870 سے 1880 کے درمیان لکھی گئی ہے ،  اور اس کے ساتھ ساتھ  تاریخ کے تاریک گوشوں کے مطالعہ کے بعد اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ ورشگوم کی تاریخ میں راجہ غلام محی الدین سے بڑا کوئی رہنما نہیں گزرا ۔
اپ نے مشکل سیاسی فیصلے مشکل وقت میں سوچ سمجھ کر کئے ، اپ ایک  زیرک اور بہادر حکمران کے ساتھ ساتھ ایک مکمل سپاہی بھی تھے  پست قد اور مضبوط عصاب کے مالک  انسان تھے ،  نظریں عقابی رکھتے تھے ۔
 وقت کی تیز دھار اور  اپنوں پر بھروسہ نے ان کو سیاسی میدان میں تنہا کر دیا ۔  کیونکہ ان کی دوربینی  نگاہوں نے مستقبل کے سیاسی حالات  کو جانچ  لیا تھا اور صحیح وقت پر  صحیح فیصلے کر رہے تھے جو کہ ان کے مخالفین کو ناگوار گزرا ۔
 ان کے کچھ رفقا کے حسد کی وجہ سے  ان کو نہ صرف حکومت سے ہاتھ دھونا پڑا  , بلکہ مختلف  ریاستوں کی خاک چھاننے پر بھی مجبور کیا ۔ ایک طرف کابل سے سوات تک اور دوسری طرف  داریل سے  تنگیر کے درمیان پھرتے رہے ۔ دو دفعہ  یاسین  پر حملہ اس غرض سے کیا کہ اپنا سابقہ راج دھانی بحال کر سکے  ۔
1883 میں  رات کو داریل سے براستہ بتھریت  ،دھمل پہنچتے ہیں  وہاں  سے اپنے حمایتوں کو  لے کر ڑورکھن پہنچ جاتے ہیں  ، قلعے میں کثر فوج کی موجودگی کے خوف سے رات کو حملہ نہ کر سکے ، صبح نظام الملک نے قلعے میں انے کی دعوت دی ، یہ دونوں بچپن کے گہرے دوست رہے تھے ، نظام نے امان الملک سے ملاقات کا مشورہ دیا ، راستے میں فیصلہ بدلتا ہے  ، وہاں سے دوبارہ داریل چلا جاتا ہے  جہاں ،1884  کے اس پاس  ان کو ابدی نیند سلایا گیا جس کا تذکرہ گزشتہ تحریروں میں کر چکا ہوں۔
ان کی شخصیت کبھی متنازعہ نہیں رہی ، کیونکہ سابقہ حکمرانوں کے بر عکس  انہوں نے غلاموں کی تجارت پر پابندی لگائی اپنی دس سالہ حکومت کے دوران کسی ایک فرد کو بھی فروخت نہیں کیا ۔ زیباک کے پیروں سے قریبی تعلقات قائم کئے ۔
گلگت میں تعینات انگریز افسر میجر بڈلف اکتوبر  1878میں یاسین اتا ہے  راجہ پہلوان سے بہت گرم جوشی سے ملتا ہے اور وہ  ان کی شخصیت سے بہت متاثر ہوتے ہیں۔ بڈلف راجہ پہلوان کی صاف گوئی پر یقین کرتے ہیں اور ملاقات کے لئے کوئی ضمانتی یرغمالی کا مطالبہ نہیں کرتے ۔
حالانکہ بڈلف کو ہنزہ کا دورہ کرنے کے لئے میر غذن کے فرزند میر محمد نظیم خان کو ضمانتی یرغمالی کے طور پر گلگت طلب کیا گیا تھا ۔
بڈلف 1878 میں گلگت میں تعیناتی کے فوراً بعد ہی یاسین کا دورہ کرتے ہیں۔ ایک تو راجہ پہلوان نے ہیورڈ کیس میں انگریز سرکار سے تعاون کیا ٹھا۔
یاسین میں انتہائی خوشگوار ماحول میں ان کی گپ شب ہوتی ہے ۔ بڈلف پہلوان  کو انگریز سرکار کے ساتھ مزاکرات کا کہتے ہیں تو راجہ صاحب مذاکرات براہ راست انگریز سرکار کے ساتھ کرنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ میں ڈوگرہ راج اور کشمیروں پر اعتبار نہیں کرتا ۔ بڈلف غیر مشروط طور پر اس شرط پر راضی  ہوتے ہے۔
بڈلف پہلی ملاقات میں ہی راجہ صاحب پر  بھروسہ کرتے ہیں ، کیونکہ ان کے ارادے غیر مبہم تھے ۔
راجہ پہلوان میجر  بڈلف کو امیر سوات کا ایک خط بھی  دیکھاتے ہیں جس میں وہ انگریز سامراج کے خلاف جہاد کے لئے پہلوان  کو ساتھ دینے کا کہتے ہیں ۔ بڈلف خود لکھتا ہے کہ راجہ پہلوان بہادر نے بدخشان کے سیاسی حالات کے بارے میں مجھے بلکل صحیح معلومات دئیے۔
ان سارے ڈیولپمنٹس سے ہم اندازہ لگا سکتے ہیں کہ راجہ پہلوان کس لیول پر انگریز سرکار سے مذاکرات کر رہے تھے ، اس دوراندیش حکمران نے ریاست ورشگوم کی الگ شناخت کو واضح کر دیا تھا اور  ورشگوم کی خاندان کٹور کے تسلط  سے آزادی کے خواہاں تھے ۔
 انگریز سرکار نے پہلی بار ورشگوم کو الگ ریاست کے طور پر ڈیل کرنا شروع کیا تھا ، حالانکہ اس سے قبل راجہ میر ولی خان  نہ صرف چترال کے باج گزار بن گئے تھے بلکہ یہ اپنی مرضی سے ایک گھونٹ پانی بھی پینے کی صلاحیت نہیں رکھتے تھے ۔
ملاقات کے دوران بڈلف ، راجہ  پہلوان سے مہتر امان الملک کے بارے میں ان کی رائے لینے کی کوشش کرتے ہیں تو پہلوان بہادر کہتا ہے کہ
 ” گو کہ امان الملک میرا ماموں ہیں مجھ سے زیادہ طاقتور ہیں ،لیکن میں اپنے فیصلوں میں آذاد ہوں ۔ امان الملک دل کے کالے ، بے اعتماد اور بے اعتبار انسان ہیں ، میں اس پر بھروسہ ہر گز نہیں کرتا "۔
راجہ پہلوان کے ان باتوں سے ہمیں اندازہ لگانے میں ذرا سا بھی دقت محسوس نہیں ہوگی کہ ان کے درمیان تعلقات کشیدہ تھے ، دوسری طرف جب انگریز سرکار نے ورشگوم کو الگ ریاست کے طور پر  تسلیم کر کے پہلوان بہادر سے براہ راست مذاکرات کے لئے راہیں ہموار کیں تو پس پردہ امان الملک نے ان کے خلاف سازشوں کا جال بچھانے کی تیاری شروع کر دیا ۔ حسد کی آگ تیزی سے جلی ، مہتر امان الملک نے اپنے با اعتماد وکلا کو کشمیر دربار روانہ کر دیا ۔
یاسین دورے کے بعد میجر بڈلف چترال کا دورہ کرتے ہے لیکن اپنی رپورٹ میں وہ اس کو کامیاب دورہ قرار نہیں دیتے ، ان ڈیولپمنٹس سے امان الملک سمجھ جاتے ہیں کہ انگریز سرکار راجہ پہلوان کو مجھ سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں ۔ اور مستقبل کے سیاسی فیصلوں میں ان سے براہ راست مذاکرات کے خواہاں ہیں ۔
اپریل 1880  میں راجہ پہلوان اپنے لاو لشکر لے کر اچانک  پونیال پر حملہ کرتے ہیں کیونکہ یہ حملہ بہت غیر متوقع تھا ، بڈلف لکھتے یے کہ وہ کون سے حالات تھے جنہوں  نے پہلوان کو یہ سب کرنے پر مجبور کیا ، حالانکہ ان کے تعلقات یمارے ساتھ بہت دوستانہ تھے ، وہ مزید لکھتے ہے کہ شاید ہم نے ان کے سابقہ حریف والی بدخشان  شہزادہ حسن کو گلگت میں سیاسی پناہ دیا ہوا ہے ۔ وہ اس لئے مشتعل ہوا ہو ۔
راجہ پہلوان بہادر شیر قلعہ میں شکست کھا کر واپسی میں وہ  تیرہ میں ایک انگریز ایجنٹ میاں راحت  شاہ سے ملاقات کرتا ہے ، یہ بہت ہی اہم ملاقات تھا جس کا میں تذکرہ کرنے جا رہا ہوں ۔
راحت شاہ کہتا ہے کہ اپ نے پونیال پر حملہ کر کے بہت بڑی غلطی کی جس کی سزا شاید ملے گی ۔
راجہ پہلوان میاں راحت شاہ کو جواب دیتے ہوئے کہتے ہیں  کہ  مجھے کشمیر دربار سے  کوئی خوف نہیں ۔
"میرے پاس  دو خطوط ہیں۔ ایک وہ خط جس کو گلگت میں تعینات سابقہ گورنر نے میرے نام لکھا ہے  جس کو جموں کے ایک وکیل نے میرے پاس لایا تھا "۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اپ کو مہا راجہ کشمیر کی طرف سے بڑا انعام رکھا گیا ہے بس اپ کو یاسین میں حالات مصنوعی طور پر خراب کر کے گلگت میں تعینات انگریز افسر (بڈلف )کو یاسین طلب کر کے قتل کرنا ہے۔
خط کے علاوہ مجھے زبانی طور پر بھی یہی حکامات پہنچائے گئے ہیں۔ پہلوان مزید کہتا ہے میرے پاس مظہر حیات بھی موجود تھے ۔ وہ بھی گواہ ہے۔راجہ صاحب قران پاک پر ہاتھ رکھتے ہیں۔
وہ مزید کہتے ہیں کہ میں میر ولی کی طرح بے وقوف نہیں ہوں کہ دھوکے میں ا جاؤں یا کسی کے اشاروں پر ناچوں۔ میں اپنے فیصلوں میں آذاد ہوں۔
مہتر امان الملک نے کشمیر دربار سے قریبی تعلقات قائم کئے تھے اور وہ ان کے ہدایات کی پیروی کرتے تھے جبکہ راجہ پہلوان براہ راست انگریزں سے مزاکرات کر رہے تھے ۔
یہی سے کشمیر اور چترال نے مل کر پہلوان کو ہر محاز پر تنہا کر دیا ۔اسی کشمکش میں انہوں نے پونیال پر حملہ کر کے تاریخی غلطی کی ۔ ورنہ پہلوان سرکار انگشیہ کی سر پرستی میں ورشکوم کو ترقی کی بلندیوں پر لے جاتے ، جس کا تذکرہ انگریزوں نے خود بھی کیا تھا ۔
ورشگوم کی تاریخ کے یہ دوراندیش حکمران داریل میں جلاوطنی کے دوران ،1884میں ملک امان کے بیٹے مقدس امان کے ہاتھوں شکار کھلتے ہوئے گولی کا نشانہ بن کر شہادت کے عظیم رتبے  پر فائز ہوئے۔
Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

متعلقہ

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button