صحت
اینستھیزیا الاؤنس کی عدم فراہمی، گلگت بلتستان میں الیکٹیو سرجریز بند کرنے کا اعلان

گانچھے (محمد علی عالم) گلگت بلتستان میں اینستھیزیا الاؤنس کی عدم فراہمی پر اینستھیزیا ڈاکٹرز نے الیکٹیو سرجریز معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو ایمرجنسی سروسز کی بندش پر بھی غور کیا جائے گا۔
اینستھیزیا ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق گلگت بلتستان حکومت کے کابینہ نے دو سال قبل الاؤنس کی منظوری دی تھی، مگر تاحال اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا، جس سے ڈاکٹروں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ، چیف سیکرٹری، ہیلتھ اور فائنانس سیکریٹری سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اینستھیزیا ایک محنت طلب شعبہ ہے، لیکن حکومتی عدم توجہی سے ان کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ طبی و عوامی حلقوں نے بھی اینستھیزیا الاؤنس کے فوری نفاذ کا مطالبہ کیا ہے تاکہ صحت کے نظام کو بحران سے بچایا جا سکے۔