امواتاہم ترین

گوجال کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت حیدر طائی انتقال کر گئے

گوجال: نامور سیاسی و سماجی رہنما اور مارشل آرٹس کے ماہر حیدر طائی طویل عرصے تک مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ اپنی زندگی میں نہ صرف مارشل آرٹس کے ماہر تھے بلکہ سیاست اور سماجی خدمت کے میدان میں بھی ایک متحرک شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔

حیدر طائی نے کراٹے میں بلیک بیلٹ حاصل کر کے اپنی مہارت کا لوہا منوایا اور ہزاروں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو نہ صرف صحت مند طرزِ زندگی اختیار کرنے کی تربیت دی بلکہ انہیں اپنی اور دوسروں کی حفاظت کرنے کے قابل بھی بنایا۔ 

سیاسی اور سماجی میدان میں بھی ان کا کردار قابلِ ذکر رہا۔ انہوں نے عوامی مسائل کے حل کے لیے انتھک محنت کی اور اپنی کمیونٹی کی بہتری کے لیے کئی فلاحی کام انجام دیے۔ وہ پاکستان مسلم  لیگ ن ہنزہ کے سابق صدر کے عہدے پر بھی فائز اور پارٹی کے اہم رہنماوں میں شامل تھے اور خنجراب ویلیجرز آرگنائیزیشن (کے وی او) کے ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں۔ 

حیدر طائی نے وخی زبان و ثقافت کی ترویج میں نہایت فعال اور مؤثر کردار ادا کیا۔ وہ وخی تاجک کلچرل ایسوسی ایشن کے سرگرم رکن تھے اور سماجی ناہمواریوں پر تنقیدی نظر رکھتے ہوئے وخی زبان میں شاعری بھی تخلیق کی۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ کل ان کے آبائی گاؤں سرتیز (افگرچ) میں ادا کی جائے گی اور انہیں وہیں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ ان کے انتقال پر علاقے میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، اور مختلف سماجی و سیاسی حلقوں نے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button