گلگت بلتستان: ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس، سیکیورٹی اور طبی انتظامات کا جائزہ

گلگت: محکمہ اطلاعات سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیاہے کہ آج گلگت بلتستان میں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے چیف سیکریٹری کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکیورٹی، طبی سہولیات، رسد، اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی سیکریٹریز، تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اور ڈائریکٹر جنرل جی بی ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ سیکریٹری داخلہ نے حالیہ بھارتی فضائیہ کی جارحیت کے پس منظر میں ممکنہ خطرات پر بریفنگ دی، جس کے بعد ایمرجنسی اقدامات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
چیف سیکریٹری نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ اس موقع پر محکمہ صحت کو ہدایات دی گئیں کہ تمام اسپتالوں کو الرٹ رکھا جائے، طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں، خون کے ذخائر محفوظ رکھے جائیں اور خون عطیہ کرنے کی مہم فوری طور پر شروع کی جائے۔
تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو حکومتی مشینری کو مکمل طور پر فعال رکھنے اور عوام سے قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کی گئیں، خاص طور پر سرحدی علاقوں میں رہنے والی برادریوں کے ساتھ۔ اجلاس میں خوراک اور اناج کے ذخائر کا تفصیلی جائزہ لینے، اور پیٹرول و دیگر ایندھن کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے پی او ایل ڈپو کے معائنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
چیف سیکریٹری نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت گلگت بلتستان عوام کی سلامتی اور تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے اور ہر ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔