خصوصی خبرصحت

شِمشال میں اپینڈیسائٹس کے رپورٹ شدہ کیسز کنٹرول میں آ گئے، محکمہ صحت گلگت بلتستان

شِمشال، ضلع ہنزہ میں حال ہی میں سامنے آنے والے اپینڈیسائٹس کے مشتبہ کیسز پر قابو پا لیا گیا ہے۔ محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق ضلعی محکمہ صحت ہنزہ کی جانب سے بھیجی گئی تازہ ترین رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ تمام کیسز انفرادی نوعیت کے تھے اور کسی بھی مریض میں ایسی علامات سامنے نہیں آئیں جو وبائی صورتِ حال کی نشاندہی کریں۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی طور پر رپورٹ ہونے والے 31 مشتبہ مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی گئی، اور گزشتہ کئی دنوں سے کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔ حکام نے بتایا کہ علاقے کی مجموعی صحت عامہ کی صورتحال تسلی بخش ہے۔

محکمہ صحت گلگت بلتستان نے بتایا کہ ایمرجنسی رسپانس یونٹ (ای پی یو) کی میڈیکل ٹیمیں شِمشال میں چوبیس گھنٹے موجود ہیں، جبکہ ضروری ادویات، طبی سامان اور ایمبولینس سروس بھی مکمل طور پر فعال ہے۔

مزید برآں، محکمہ صحت کی درخواست پر انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) کی ٹیم نے علاقے کا دورہ کیا اور پانی و خوراک کے نمونے حاصل کرکے تجزیے کے لیے بھیج دیے ہیں۔ تفصیلی رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

محکمہ صحت نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جن میں صاف اور محفوظ خوراک کا استعمال، اُبالا ہوا پانی پینا، بچوں کو غیر معیاری اسنیکس سے دور رکھنا، اور ہاتھوں کی باقاعدہ صفائی شامل ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ محکمہ صحت گلگت بلتستان خطے میں صحت عامہ کے تحفظ اور بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button