ثقافت

انجمن ترقی کھوار حلقہ پشاور کے زیر انتظام طربیہ محفل مشاعرہ کا انعقاد

mushairaپشاور(نذیرحسین شاہ نذیر) پشاور کا ماحول ہر دوسرے روز رونما ہونے والے سانحوں کی وجہ سے افسردہ ہے لیکن ادبی حلقوں میں ہلچل ابھی تک رکی نہیں ہے۔ گزشتہ رات انجمن ترقی کھوار حلقہ پشاور کے زیر اہتمام طربیہ محفل مشاعرے کا اہتمام کیا گیا۔ بڑی تعداد میں شعراء، ادباء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے حضرات نے شرکت کی۔ اس محفل مشاعرے میں ۲۷ شعراء کرام نے اپنے کلام پیش کئے۔ محفل مشاعرے کی صدارت کویت ٹیچینگ ہسپتال پشاور کے ایڈمینیسٹریٹر فرید احمدجبکہ معروف اصلاحی شاعر حافظ خوش ولی خان ولی ؔ مہمان خصوصی تھے۔تنظیم تحفظ حقوق چترال کے صدر صادق امین، ڈاکٹرصاحب خان، عمر عظیم، عظمت دامیڑی اور شاہ حسین محفل میں موجود تھے۔محفل کی نظامت قاضی عنایت جلیل عنبرؔ نے سرانجام دی۔حالیہ دنوں میں انجمن ترقی کھوار حلقہ پشاور کے صدر مہربان الٰہی حنفی ؔ کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔ ا سی خوشی کو دوبالا کرنے کے لئے موصوف نے دعوت کے ساتھ محفل مشاعرہ کا بھی اہتمام کیاتھا۔ گورنمنٹ پرائمری سکول سول کوارٹر پشاور میں منعقدہ اس طربیہ محفل مشاعرہ میں طرح مصرع تھا،بولوٹ نعمت ہوئے یہ بختواروتے نصیب۔ محفل مشاعرے میں انوار ولی انوار، سیف اللہ سیف، راحت حسین راحت، حافظ عطاء الرحمان مقصود، عمر فیضی، کامران، جلیل جلالی، عبداللہ شہاب، عنایت اللہ شہزاد، محب اللہ تریچوی، سراج کشمی، عبداللہ وسیع، اکبر علی عاطف، فضل نعیم نعیم، رحمان اللہ طوفان، نوراللہ ساگر، خواجہ سعید احمد سعید، مہربان الٰہی حنفی، سردار اعظم خان اعظم، حمایت اللہ فریاد، قاضی عنایت جلیل عنبر اورحافظ خوش ولی خان ولی اور دوسروں نے طرح مصرع میں اپنے کلام پیش کئے۔محفل مشاعرہ کے آخر میں مہما ن خصوصی اور صدرمحفل کے ساتھ دوسرے شرکاء نے اپنے خطاب میں کھوار زبان و ادب کی ترقی میں مرکزی انجمن ترقی کھوار کی خصوصی اور حلقہ پشاور کی مجموعی کارکردگی کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں چار مادری زبانوں کے ساتھ کھوار کو بھی نصاب میں لازمی مضمون کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔ اس تحریک کی کامیابی میں انجمن ترقی کھوار حلقہ پشاور کا بڑا کردار رہا ہے۔محفل مشاعرہ کے مقررین نے موجودہ صوبائی حکومت پر زور دیا کہ نصابی عمل کو مہمیز دیکر مادری زبانوں کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔محفل مشاعرہ کے دوران سید ابراہیم شاہ طائر اور محمد ایوب خان نے مزاحیہ خاکہ پیش کرکے حاضرین کے دل جیت لئے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button