گلگت بلتستان
جوٹیال، گلگت: پاسبان اور ڈیفنس کالونی کے مکین گندگی کے ڈھیر اور غلیظ پانی سے پریشان
گلگت(نامہ نگار) محکمہ بلدیہ اور مقام انتظامیہ سے بار ہا شکایات کے باوجود ایف سی این اے سگنل گراؤنڈ اور عسکری شاپنگ کمپلیکس جوٹیال سے ملحقہ پاسبان کالونی اور ڈیفنس کالونی کی رابطہ سڑک سے گندگی اور کچرے کے ڈھیر کا خاتمہ ہوسکا نہ ہی عسکری اداروں کی طرف سے سڑک پر بہتا ہوا غلیظ پانی کا رخ تبدیل کرنا ممکن ہوسکا جس کے سبب نہ صرف معصوم بچے گندگی اور کچرے کی خاک چھاننے پر مجبور ہیں بلکہ گندگی ،کچرہ اور نکاسی اب سے پھیلنے والی بدبو اور تعفن نے محلہ مکینوں کو بھی ازیت اور پریشانی سے دوچار کر دیا ہے .
پاسبان کالونی اور ڈیفنس کالونی کے مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس مسلے کے حوالے سے ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی جمیل احمد ،صوبائی دیدار علی و دیگر حکام کو بھی آگاہ کیا مگر انہوں نے بھی جھوٹی یقین دہانی اور سیاسی وعدوں کے سوا کچھ نہیں کیا. محلہ مکینوں کا کہنا ہے کہ محکمہ بلدیہ کی طرف سے گندگی اور کچرہ کو ٹھکانہ لگانے کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے سڑک کے آس پاس کے رہائشی رات کو مردہ جانور بھی مذکورہ جگہ پر پھینک دیتے ہیں جس سے گرمیوں کے موسم میں وبائی امراض پھیل جاتی ہیں اور سڑک پر چلنا محال بن جاتا ہے .
انہوں نے محکمہ ماحولیات گلگت بلتستان ،ڈبلیو ڈبلیو ایف اور دیگر اداروں سے اس اہم مسلے کے مستقل حل اور فورس کمانڈر ایف سی این اے میجرجنرل حافظ محمد مسرور سے عسکری اداروں کی طرف سے سڑک پر بہتا ہوا غلیظ پانی کا رخ تبدیل کرنے کے احکامات صادر کرنے کی اپیل کی ہے .