تعلیم
مسلم یونیورسل سکول کشروٹ میں یومِ دفاع کے حوالے سے رنگا رنگ تقریب کا انعقاد
گلگت(پریس ریلیز) مسلم یونیورسل پبلک سکول کشروٹ گلگت میں یوم دفاع کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں سکول کے طلبہ وطالبات نے رنگا رنگ پروگرامات اور فن پارے پیش کئے اور حاضرین سے داد وصول کی۔تقریب میں پاک فوج کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی اور رزمی ترانے بھی پڑھے گئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل جمعہ دین نے کہا کہ پاک فوج دنیا بھر میں اپنے جرات اور بہادری کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے۔1965کی جنگ میں بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا کر ہمارے دشمن ملک ہندوستان نے رات کے اندھیرے سے فائدہ اٹھا کر پاکستان پر چاروں طرف سے حملہ کر دیا اور دوپہر کا کھانا لاہور میں آکر کھانے کی نیت سے روانہ ہوئے لیکن پاک فوج کے بہادر سپاہیوں نے ان کے اس ناپاک خواب کو شرمندہ تعبیر ہونے نہیں دیا۔ہندوستان کے فوجیوں کو دوپہر کا کھانا بھی نصیب نہ ہوا۔انہوں نے کہا چھ ستمبر کو یوم دفاع کا دن منانے کا مقصد طلبہ اور عوام کو پاک فوج کی جرات اور بہادری کی تاریخ سے آشنا کرانا ہے۔
تقریب کے دوران سکول کو پاکستانی پرچم سے سجایا گیا تھا اور چاروں طرف دفاع پاکستان کے نعروں کے ساتھ پلے کارڈ نصب کئے گئے تھے۔تقریب سے سکول اساتذہ منظور حسین،فہیم اختر،محمد شفیق نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا پاک فوج ملک کی نظریاتی امور ،جغرافیائی سرحدوں کی ضامن ہے۔6ستمبر 1965کی جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ساتھ پاکستان کی غیور عوام کا بھی اہم کردار تھا ہم جنگ میں شہید ہونے والے تمام شہیدوں اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں تقریب کے آخر میں شہیدوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور قومی ترانے کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔