پکی ملازمت: کنٹریکٹ ملازمین ریگولرائیزیشن ایکٹ گزٹ آپ پاکستان میں بھی شائع ہو گیا
گلگت(نامہ نگار) گلگت بلتستان اسمبلی نے کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کا بل اتفاق رائے سے پاس کرکے،منظوری کے لیے گورنر کو بھجوادیاتھا،جس پر گورنر گلگت بلتستان نے تمام قانونی و آئینوں تقاضوں کا جائزہ لے کر دستخط ثبت کیے تھے۔محکمہ لاء اور اسمبلی سیکریٹریٹ نے تمام دفتری امور کو نمٹانے کے بعدایکٹ کو پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان پریس اسلام آباد بھجوادیا تھا جس پر مذکورہ محکمہ نے ایکٹ کوگزٹ آف پاکستان میں شائع کرکے گزٹ کی کاپیاں گلگت بلتستان اسمبلی بھجوادی ۔ اسمبلی سیکرٹریٹ سے گزٹ کی کاپیاں تمام محکموں کے سیکرٹریز کو بھجوادی گئی اور اس ایکٹ پر جلد از جلد عمل درآمد کروانے کی ہدایات جاری کی گئی۔گزٹ آف پاکستان میں شائع ہونے کی خبر سن کر گلگت بلتستان آفیسر ایسوسی ایشن کے تمام عہدہ داروں اور دیگر آفیسران وملازمین میں خوشی کی لہر، مٹھائیاں تقسیم۔ملازمین نے ممبران اسمبلی اور میڈیا کا بھرپور شکریہ ادا کیا۔
گزٹ آف پاکستان میں شائع شدہ ایکٹ کا رجسٹریشن نمبر M-302,L7646ہے ۔ اس کو گلگت بلتستان اسمبلی نے ’’کنٹریکٹ ملازمین برائے ریگولرائزیشن ایکٹ نمبر 1آف 2014 کے نام سے پاس کیا تھا۔اور گزٹ آف پاکستان میں بھی یہی ایکٹ اسی نام سے من وعن شائع کی گئی ہے ۔ جس میں گورنر گلگت بلتستان پیر کرم علی شاہ اور اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی وزیر بیگ کے نام اور دستخط ثبت ہے۔ گزٹ میں شائع شدہ بل میں واضح طور پر کہا گیا کہ ان ملازمین کو ریگولر کیاجائے گا جو ریگولر پوسٹوں کی جگہ میں کام کررہے ہیں۔ کوئی مالی دشواری پیش نہ ہو اور جو باقاعدہ ٹیسٹ انٹرویو دے کر بھرتی ہوئی ہیں اور ساتھ ہی ایکٹ میں یہ بات بھی بیان کی گئی کہ گریڈ ایک سے چودہ تک کے ملازمین نے ایک سال سروس کی ہو اور گریڈ 16سے 18کے ملازمین نے دوسال ریگولر سروس کی ہو۔ایکٹ میں ملازمین کی سینارٹی، رول اینڈ ریگولیشن اور دیگر امور کے حوالے سے تمام تفصیلات بیان کی گئی۔ اس ایکٹ کے مطابق گلگت بلتستان کے مختلف سرکاری محکموں پاپولیشن ویلفیئر، فشریز، ایجوکیشن،ماحولیات،سی آئی ٹی، سیاحت، وومن ویلفیئر، پلاننگ،فنانس،ایگریکلچر، واٹر مینیجمنٹ،وائلڈ لائف، لائف اسٹاک،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن،منرل اینڈ مائننگ، انڈسٹریز اور دیگر محکموں میں گریڈکے سولہ 47، گریڈ 17کے161 اور گریڈ 18کے 5 آفیسران سمیت گریڈ ایک سے چودہ تک کے ہزاروں ملازمین کو ریگولر کیا جائے گا۔
گلگت بلتستان آفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نے میڈیا کے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اب بہت جلد ان تمام کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کیا جائے گا، اب بھی اگر انتظامیہ نے لیت لعل سے کام لیا تو جس مقصد کے لیے اس ایکٹ کو پاس کیا گیا ہے وہ پورا ہونے میں تاخیر ہوگی۔ کنٹریکٹ ملازمین نے گورنر، وزیر اعلی، چیف سیکرٹری اور اسپیکرکا بھی شکریہ ادا کیا۔ آفیسرایسوسی ایشن کے سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کا فیصلہ سپریم اپیلیٹ کورٹ نے بھی دے دیا ہے ۔سیکرٹری لاء اور سروسز کو کورٹ میں بلاکر جلد از جلد مستقلی کے عمل کو مکمل کرنے کا حکم دیا ہے اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے جو آسامیاں مشتہر کی تھی کورٹ نے وہ بھی رکوانے کا حکم دیا ہے جس پر ایف پی ایس سی نے گلگت بلتستان سے متعلق تمام ٹیسٹ انٹرویوز کو پاسپونڈ کیا ہے ۔اب بہت جلد ملازمین کو ریگولر کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد بھی تاخیری حربے استعمال کیے گئے تو گلگت بلتستان آفیسر ایسوسی ایشن کے ممبران بھر پور قوت سے اس ایکٹ پر عملددرآمد کروائیں گے۔