این ٹی ایس ٹیسٹ کے لئے پشاور جانے پر مجبور کرنے کی بجائے متعلقہ اسٹاف کو چترال بھیجا جائے۔خدیجہ سردار
چترال (بشیر حسین آزاد) عوامی نیشنل پارٹی چترال کی معروف خاتون رہنما خدیجہ سردار نے صوبائی حکومت سے سیکریٹری بلدیات کی آسامیوں کیلئے این ٹی ایس ٹیسٹ پشاور کی بجائے چترال میں منعقد کرنے کا مطا لبہ کیا ہے ۔ اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ۔ کہ چترال ایک پسماندہ اور دور افتادہ ضلع ہے اورچترال سے پشاور بارہ سے پندرہ گھنٹوں کی مسافت میں دشوار گزار راستوں کی صعوبتیں برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ ہر ایک امیدوار کے ہزاروں روپے آنے جانے اور ہوٹل رہائش پر خرچ ہوتے ہیں ۔ جو کہ چترال کے بے روزگار نوجوانوں کی برداشت سے باہر ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ہزاروں امیدوراوں کو ٹیسٹ کیلئے پشاور جانے پر مجبور کرنے کی بجائے متعلقہ اسٹاف کو چترال بھیجا جائے تاکہ ان بے روزگار امیدواروں کو سہولت مل سکے ۔ خدیجہ سردار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے دعوے کرتے نہیں تھکتی لیکن حقیقت یہ ہے کہ لوگوں کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ چترال میں ناروا لوشیڈنگ کے خلاف خواتین سراپا احتجاج ہیں لیکن اس پر کان نہیں دھرا جا رہا ۔ خاتون رہنما نے کہا کہ اس قسم کے ظلم و زیادتی آیندہ برداشت نہیں کئے جائیں گے ۔ اور چترال کی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہر ظلم کے خلاف اُٹھ کھڑی ہوں گی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ناروا لوڈ شیڈنگ کرکے خواتین کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے ۔انہیں بار بار سڑکوں پر آکر احتجاج کرنے پر مجبور نہ کیا جائے ۔