گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں 428 گھر مکمل تباہ ہو گئےہیں، جبکہ 2787 کو جزوی نقصان پہنچا ہے، گورنر برجیس طاہر
گلگت۔ گورنر گلگت بلتستا ن چوہدری محمد برجیس طاہر کی ہدایت پر حالیہ زلزلے میں جاں بحق ہونے والے 14افراد کے لواحقین کو وزیر اعظم پیکیچ کے تحت 6 لاکھ فی کس امدادی چیکس دئیے جا چکے ہیں اور 16زخمیوں میں اب تک 10لاکھ کے امدادی چیکس دےئے گئے ہیں باقی زخمیوں کو جلد امدادی چیکس دےئے جائیں گے۔دیگر امدادی سرگرمیوں میں حالیہ زلزلے کے متاثریں کو 720کمبل،770ٹینٹ،900فوڈ پیکٹس،500سوئیٹر،200پیکٹ کھجور،100جلانے والے لیمپ،50جیکٹس اور 200چپل ،20لاکھ نقد امددی رقوم تقسیم کئے گئے ہیں۔اب تک کی رپورٹ کے مطابق 428گھر مکمل تباہ ہوئے ہیں جبکہ 2787گھروں کو زلزلے سے جزوی نقصان پہنچا ہے اور جلد زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا مکمل تخمینہ لگاکر امددی چیکس دیئے جائیں گے۔ گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف گلگت بلتستان کے متاثرہ علاقوں میں امددی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور وزیر اعظم کے واضع احکامات ہیں کہ زلزلے سے متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے اور تمام وسائل بروئے کار لایا جائے اور ان کی مکمل بحالی تک کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔متاثرین کی مکمل بحالی وفاقی اور صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اس سلسلے میں گورنر گلگت بلتستان نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل سرکاری اور غیر سرکاری امدادی تنظیموں کی خدمات کی بھی تعریف کی ہے۔