ہنزہ: پاورہاوس کا پانی ہی بند کیا جائے گا تاکہ بااثر افراد بھی عوام کی طرح اندھیرے میں رہیں۔ آل پارٹیز میٹنگ
ہنزہ (بیوررپورٹ) ہنزہ میں بجلی کے شدید بحران کے خلاف آل پارٹیز میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہنزہ میں موجود مختلف سیاسی پارٹیوں کے افرادکے علاوہ کاروباری حضرات عمائندین اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی ۔
یونین کونسل علی آباد کے سابقہ چیرمین دینار خان کے مطابق تمام پارٹیوں نے ہنزہ میں بجلی کے بڑھتے بحران کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ برقیات کو ایک ہفتے کا مہلت دیا ہے۔ اگر ایک ہفتے کے اندر اندر گورنر اور وزیر اعلی کے احکامات پر عمل در آمد نہ ہونے کی صورت میں احتجاجا پاور ہاوس کا پانی بند کیاجائیگا اور ہنزہ کے تمام گھروں میں موم بتی جلا کر احتجاج کیا جائیگا ۔کیونکہ محکمہ برقیات گزشتہ کئی مہینوں سے گورنر، وزیر اعلی اور سینئر صوبائی وزیر کے احکامات کے باوجود عوام کو اندھیرے میں رہنے پر مجبور کررہا ہے۔ ہنزہ میں بجلی صرف بااثر لوگوں کو اسپیشل لائنوں کی صورت میں فراہم کیا جارہا ہے اور غریب عوام کو چار دن میں کچھ گھنٹوں کیلئے فراہم کیا جاتا ہے۔ اس لئے بہتر ہے کہ پاور ہاوس کا پانی ہی بند کیا جائے تاکہ بااثر افراد بھی عوام کی طرح اندھیرے میں رہیں۔
سابقہ چیرمین کا مزید کہنا تھا کہ اس فیصلے میں ہنزہ کے تمام سیاسی پارٹیاں شامل ہیں۔ ہم تنگ آچکے ہیں۔ وزیر اعلی کی جانب سے اعلان کردہ جرنیٹر کے علاوہ پہلے سے موجود تھرمل جرنیٹر کو ٹھیک کرنے کہ بجائے عوام کو اندھیرے میں رکھنے کا پالیسی اپنا یا جارہا ہے جس کے خلاف ہم نے پاور ہاوس کا پانی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ پانی بااثرافراد کا نہیں بلکہ ہنزہ کے غریب عوام کی ملکیت ہے ۔