متفرق

کوہستان میں 23 افراد اب بھی زمینی تودے کے ملبے تلے دبے ہوے ہیں، کمیلہ میں حکومتی روئیے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

کوہستان (نامہ نگار) صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع کوہستان میں واقع تحصیل کندیا کے گاؤں اتھور باڑی میں ملبے تلے دبے 23افراد کو ان کے لواحقین اور مقامی عمائدین نے جان بحق اور متاثرہ گاوں کو اجتماعی قبرستان قراردیتے ہوئے غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی اور علاقے میں تلاش اور بچاو کے لئے جاریامدادی سرگرمیاں ختم کردی ہیں۔

ادھر کوہستان کے مصروف ترین شہر کمیلہ میں متاثرین نے حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور ملبے تلے دبے لوگوں کے لواحقین کیلئے تریسٹھ ہزار روپے چندہ اکٹھا کرکے امدادی کاموں میں حصہ لینے کی نیت سے جائے حادثہ کی طرف روانہ ہو گئے۔ دوسری طرف خیبر پختونخواہ حکومت نے کوہستان کو آفت زدہ ضلع قراردیتے ہوئے متاثرین کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق کوہستان کے دورفتادہ تحصیل کندیا کے گاؤں باڑی میں آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں انیس گھروں کے ملبے تلے دبنے والے لوگوں کے لواحقین اور مقامی عمائدین نے بھاری پہاڑ کے ملبے کی مکانات پر موجودگی کے باعث ریسکیو کاروائیاں بے کار قراردیتے ہوئے پورے گاوں کو قبرستان قرار دیاہے ۔ لوحقین اور عمائدین کی جانب سے پیغام لیکر آنے والے ضیا الرحمن ساکنہ کندیا نے میڈیا کو بتایا کہ اب مقامی انتظامیہ او رمقامی لوگ مذید ریسکیو سرگرمی نہیں کریں گے ۔ فی الحال علاقے میں خوراک کا فقدان ہے ۔ بھاڑی پہاڑ مکانات پر گرنے کے باعث انتظامیہ اور مقامی لوگوں کی بس سے باہر ہے کہ وہ لاشیں نکال سکیں ،لواحقین کی اجازت سے عمائدین اور مقامی لوگوں نے ملبے تلے دبے 23افراد کی غائبانہ نماز جنازہ اد ا کی ہے۔

اس سے قبل کمیلہ شہر میں مقامی متاثرین اور لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت مولوی ولی اللہ کررہے تھے ، بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مظاہرے کے شرکاء میں سے میر غزن سکندر، سیر شاہ و دیگر نے کہا کہ حکومت نے غفلت کی انتہا کردی ہے ۔ سات روز گزرجانے کے باوجود حکام ٹس سے مس نہیں ہوئے اورریسکیو کیلئے ایک ہیلی کاپٹر بھی نہیں بھیجا ۔انہوں نے جلسے میں تیرسٹھ ہزار روپے چندہ اکٹھا کیا جس سے متاثرین کی مدد کی جائیگی ۔ دوسری طرف خیبر پختونخواہ کے سپیکر اسد قیصرپی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی ، صوبائی مشیر عبدالحق ، عبدالمنم اور ملک اورنگزیب کے ہمراہ کوہستان کے مرکزی شہر کمیلہ آئے جہاں پر پی ٹی آئی کی مقامی قیادت آپس میں گتھم گتھا ہوئی اور تقریب میں شدید بدمزدگی پید اہوئی ، پی ٹی آئی رہنما زرگل نے مائیک سمبھال کر کارکنوں کو بٹھایا اور سپیکر اسد قیصر نے مختصر بات کی جب کہ باقی قیادت کو بات کا ماحول بھی نہ مل سکا ،سپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی اسد قیصر نے کوہستان کو آفت زدہ ضلع قراردیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوہستان سے فوری طور پر نقصانات کی تفصلات طلب کی ہیں اور ملبے تلے دبے 23افراد کو نکالنے کیلئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button