تعلیم

ضلع کوہستان میں داخلہ مہم کے سلسلے میں سیمینار اور واک کا انعقاد، سینکڑوں افراد کی شرکت

کوہستان(شمس الرحمٰن کوہستانیؔ) کوہستان میں داخلہ مہم کے سلسلے میں نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام سمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں عوام ، طلباء اور افسران نے شرکت کی۔سمینار میں مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا ہر بچہ سکول میں داخل کئے بنا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔این سی ایچ ڈی کی مقامی دفتر سے منگل کے روز کوہستان کے مرکزی تجارتی بازار کمیلہ سے گزرتی ریلی کی قیادت ڈی ای او (فی میل ) خان محمد کررہے تھے جبکہ چائنا پل پر اے سی داسو محمد عابد نے ریلی کی قیادت سمبھالی ۔ ریلی میں پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں کے سینکڑوں طلباء کے ساتھ علاقہ عوام ، اساتذہ اور دیگر سرکاری فسران شامل تھے ،جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر ’’لکھو پڑھو آگے بڑھو آؤ بچو سکول چلو‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ریلی میں ڈپٹی ڈی ای او (مردانہ ) عبدالماجدخان ، جنرل منیجر این سی ایچ ڈی احمد نبی اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران سمیت میڈیا نمائندوں نے خصوصی شرکت کی ۔ شاہراہ قراقرم پر گزرتی داخلہ مہم ریلی دو کلومیٹر کی طول پیدل مسافت طے کرکے گورنمنٹ سنٹینئل ماڈل ہائی سکول داسو پہنچی جہاں مقامی انتظامیہ ( اساتذہ )نے مہمانوں اور طلباء کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعدازاں سکول کے مرکزی ہال میں ایک سمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل منیجر NCHDاحمد نبی کا کہنا تھا کہ مقامی سکول انتظامیہ کے مشکور ہیں جنہوں نے بھرپورانداز میں پروگرام کو کامیاب بنایا اُن کا کہنا تھا کہ30 اپریل تک داخلہ مہم جاری ہے اور اس ضمن میں 38یونین کونسلوں میں تربیتی ورکشاپس کرائیں گے جس میں اساتذ کو تربیت بھی دی جائیگی تاکہ معیاری تعلیم کے ساتھ کوہستان کا ہر بچہ سکول میں داخل کیا جاسکے۔ سمینار سے ڈی ای او (فی میل) خان محمد او ر ڈپٹی ڈی ای او ( میل)عبدالماجد نے بھی خطاب کیا ۔ عبدالماجد کا کہنا تھا کہ داخلہ مہم واک میں بچیوں کی شرکت دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ،محکمہ تعلیم( زنانہ) خراج تحسین کے مستحق ہے۔ محکمہ تعلیم کے ذمہ داران ہنگامی بنیادوں پر کوہستان سے تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ کریگی ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button