صحت

تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر نے وزیر اعلی پر پانچ اضلاع کی اسامیاں سٹی آئی ہسپتال گلگت اور آربی سی کو دینے کا الزام لگا دیا

سکردو( بیورو رپورٹ ) تحریک انصاف گلگت بلتستان کے چیف آرگنائزر راجہ جلال حسین مقپون نے کہاہے کہ گلگت بلتستان کے پانچ اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں کے شعبہ امراض چشم کیلئے منظور ہونے والی آسامیاں قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بدنیتی کی بنیاد پر سٹی ہسپتال کشروٹ اور آربی سی گلگت کو دی ہیں اور پانچ اضلاع کے حقوق پرڈاکہ ڈالا ہے۔

صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بین الاقوامی صحت کی تنظیم کے فیصلے کی روشنی میں 3000ملین خطیر رقم سے اندھا پن کی روک تھام اور علاج ومعالجے کی غرض سے جدید ترین مشینری اور آلات خریدنے کا پی سی ون کی بھی منظوری دی تھی اور شعبہ امراض چشم کیلئے افرادی قوت بڑھانے کی ہدایت دی گئی تھی اور اس مقصد کیلئے باقاعدہ فنڈز رکھے گئے تھے۔ جبکہ سابق چیف سکریٹری گلگت بلتستان نے شعبہ امراض چشم کیلئے 35آسامیاں منظور کی تھیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ منظم سازش کے تحت ان آسامیوں پر بھرتیاں نہیں کی گئیں اور اب ان پوسٹوں کی بند ربانٹ کی گئی ہے اور یہ تمام پوسٹیں سٹی ہسپتال کشروٹ کو دی گئی ہیں اس سے نہ صرف کروڑوں روپے ضائع ہو رہے ہیں بلکہ خریدی گئی مشینری بھی ضائع ہو جائے گی اور شعبہ امراض چشم غیر فعال ہو جائے گا اور علاقے کے حقوق سلب ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سٹی ہسپتال کشروٹ کو آسامیاں ضروری ہیں تو وزیر اعلیٰ وفاق سے اس کیلئے پوسٹیں منظور کراکر لائیں ہم اپنے علاقے کی آسامیاں کاٹ کر وزیر اعلیٰ کے محلے کے ہسپتال کو دینے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button