متفرق

متاثرین داسو ڈیم منصوبے میں غیرمقامیوں کو ملازمتیں دینے پر برہم، ڈپٹی کمشنر سے ملاقات میں تشویش کا اظہار

کوہستان(نامہ نگار ) کوہستان، متاثرین داسو ڈیم ( زیرآب )نے واپڈا، انتظامیہ ، کنسلٹنٹ اور دیگر کمپنیوں میں مقامی لوگوں کے بجائے بیرونی علاقوں سے کی جانے والی بھرتیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں ضلع کوہستان سے باہر کے علاقوں سے ہائیر کی جانے والی گاڑیوں کو بھی اپنے ساتھ زیادتی قراردیاہے ۔ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کوہستان سے اُن کے دفتر میں کمیٹی ممبران نے ملاقات کی اوراپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ متاثرین کمیٹی نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ ان کے نو نکاتی قرارد اد میں بیرونی بھرتیوں اور گاڑیوں کا ایشو شامل ہے جسے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی حق تلفی کو روکی جائے ۔ ا س موقع پر ڈپٹی کمشنر مشتاق احمدنے کمیٹی ممبران کویقین دلایا کہ متاثرین کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی اور متاثرین کو ترجیح دی جائیگی ۔ ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں سے لسٹیں طلب کرلی ہیں۔ جائیزے کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے ۔ملاقات میں کمیٹی ممبران متاثرین داسو ڈیم (زیرآب) حاجی گلاب، حاجی راجہ محمد عارف، شمس الرحمن ، عبدالجبار، گلاب شاہ، حسام الدین اور دیگر موجود تھے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button