چترال

چترال کے دیہات نوغورریچ اور رُوا ریچ میں 100,100کلو واٹ کے دو بجلی گھروں کا افتتاح

چترال(بشیر حسین آزاد)ایس آرایس پی کی طرف سے چترال کے دور افتادہ دیہات نوغور ریچ اور رُوا ریچ میں یورپین یونین کی مالی امداد سے چلنے والے PEACEپراجیکٹ کے تحت مکمل ہونے والے دو بجلی گھروں کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں ادارہ ایس آرایس پی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شہزادہ مسعودالملک اور ایس آر ایس پی کے سنئیر منیجمنٹ کے علاوہ علاقے کی کثیر تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کیں۔ اِس سلسلے میں پہلی تقریب رُوا ریچ میں منعقد ہوئی جہاں پہلے فیتہ کاٹ کر 100کلوواٹ کے بجلی گھر کا افتتاح کیا گیا اور بعد میں تقریب منعقد ہوئی ، جبکہ نوغور ریچ میں بھی 100کلو واٹ کے بجلی گھرکی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی ۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شہزادہ مسعودالملک نے کہا کہ ایس آر ایس پی صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہہ دے رہی ہے جس میں کمیونٹی کی سطح پر بننے والی بجلی گھروں اور دوسرے انفراسٹرکچرز کی تعمیر سہرِ فہرست ہیں۔ انہوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اپنے اندر اتفاق و اتحاد کو برقرار رکھیں اور اپنے تنظیمات کو مزید فعال بنائیں تاکہ دوسرے ادارے بھی آپ کی تنظیمات سے متاثر ہو کر خود آپ کے پاس آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس آر ایس پی نے تو آپ لوگوں کو بجلی گھر بنا کر دی لیکن اِ ن کی دیکھ بھال کرنا اور بہتر طریقے سے چلانا کمیونٹی کی ذمہ داری ہے جس کے لیے آپ کو ایک بہتر اور موثر طریقہ کار وضع کرنی ہوگی جس کے لئیایس آر ایس پی معاونت کرے گی۔

ایس آر ایس پی چترال کے ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر طارق احمد نے منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اِن دو بجلی گھروں کی کل لاگت 23532777روپے تھی جس میں ڈونر کا حصہ 22399680روپے اور کمیونٹی کا حصہ 1075341روپے تھی۔ انہوں نے کہا کہ اِ ن دو بجلی گھروں کی تعمیر سے 430گھرانے مستفید ہوں گے اور انہیں سستی بجلی فراہم ہوگی جس سے وہ اپنے ضروریاتِ زندگی پوری کر سکیں گے۔

کمیونٹی کی طرف سے رُوا ریچ کے جنرل سیکرٹری علی حیدر اور نوغور ریچ کے صدر نادر خان نے بجلی گھروں کی تعمیر کے لئے فنڈ فراہم کرنے پر ایس آر ایس پی اور یورپین یونین کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ ایس آر ایس پی نے چترال کے سب سے دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں میں بجلی کے مسئلے کو حل کرکے لوگوں کے دل جیت لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہزادہ مسعودالملک چترال کا قابلِ فخر فرزند ہے اور وہ چترال کی ترقی کے لئے جو کوششیں کررہے ہیں وہ آج تک کوئی دوسرا نہیں کر سکا ہے۔ آج انہوں نے اپنی پور ی ٹیم کے ساتھ تریچ، اجنو، ریچ پائیں اور ریچ بالا کا تین روزہ دورہ کرکے اپنی انسان دوستی اور غریب پروری کا ثبوت دیا ہے، جس کے لئے ریچ کے عوام ایس آر ایس پی کی پوری ٹیم کے مشکور ہیں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button