جرائم

ضلع غذر میں بیروزگار نوجوانوں کو دوبئی لے جانے کا جھانسہ دینے والا گروہ سرگرم، متاثرین نے حکومت سے مدد کی اپیل کردی

گلگت (نعیم انور) ضلع غذر میں بے روز گار نوجوانوں کو پرکشش تنخواہوں کا جھانسہ دیکر بیرون ملک لے جانے والے نام نہاد ایجنٹوں کا گروہ سرگرم ہو گیا ۔ ضلع غذر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں غریب اور سادہ لوح نوجوان نوسر بازوں کے ہاتھوں لوٹ گئے ۔متاثرہ نوجوان جھال سازوں کے ہاتھوں لوٹنے کے بعد مدد کی اپیل لیکر میڈیا کے نمائندوں کے پاس پہنچ گیا ۔

تفصیلات کے مطابق ضلع غذر کے تحصیل گوپس سے تعلق رکھنے والا نوجوان عاد ل اشرف نے اپنے تین ساتھیوں عبدل ولی ،نیک بہادور اور دو مذید متاثرہ نوجوان کا حوالہ دیتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ مسمی محبوب ساکن ینگل نے دو سال قبل ہمیں دبئی لے جانے اور وہاں پرکشش تنخوہوں کی نوکری کا لالچ دیکر فی کس 4لاکھ روپے لیکر خود دوبئی فرار ہو چکے ہیں اور اب دو سال کا طویل عرصہ گزر گیا مذکورہ شخص نے ہم سے کسی قسم کا رابطہ نہیں کیا ہے ۔انکا مذید کہنا تھا کہ جب ہم اپنے زرائع سے انکا موبائل نمبر ٹریس کر کے رابطہ کرتے ہیں توہماری آواز سنتے ہی اپنا موبائل فون بند کرتے ہیں اور اس کے بعد وہ اپنا نمبر ہی تبدیل کرتے ہیں ۔متاثرہ نوجوان عادل اشرف کے مطابق انہوں نے بے روز گاری سے تنگ آکر نوکری کی لالچ میں بنک سے قرضہ کر کے انھیں رقم ادا کی تھی ۔نوسر باز گروہ کے ہاتھوں لوٹنے کے بعد اب سخت پریشانی سے دوچار ہیں۔

انہوں نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے انصاف کیلئے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غریب بے روزگار نوجوانوں کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف قانونی کاروائی کرے ۔ایک اور متاثرہ نوجوان تنویر حسین ساکن سنگل پونیال نے بھی اپنی داستان بتاتے ہوئے کہا کہ رحیم اللہ ساکن برگل پونیال حال مقیم دوبئی بھی نوسرباز گروپ کا ایک اہم سرغنہ ہے ،مذکورہ شخص نے بھی ضلع غذر سے مختلف نوجوانوں کو زیادہ تنخواہ اور آرام کی نوکری کا جھانسہ دیکر ان سے بھاری رقم لیکر دوبئی پہنچا یا ہے مگر وہاں انکے ساتھ آئے روز فراڈ اور دھوکہ کر رہا ہے جس باعث غذر کے درجنوں نوجوان نہ صرف دوبئی میں در در کی ٹھو کریں کھا رہے ہیں بلکہ فٹ پاتھوں پر سونے پر مجبور رہے ہیں ۔ان متاثرہ نوجوانوں کے علاوہ بھی اس وقت سینکڑوں کی تعداد میں غذر کے نوجوان مختلف نوسر باز افراد کے ہاتھوں بھی لوٹتے رہے ہیں مگر انھیں انصاف دلانے والا ادارہ نظر نہیں آرہا ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button