متفرق

مٹھی بھر شرپسندوں کی وجہ سے یاسین کے عوام کو شک کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے، عمائدین

گلگت(پ ر) عمائدین یاسین نے گزشتہ دنوں غذرپولیس اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی میں یاسین کے مختلف نالہ جات سے مبینہ طور اسلحہ کی برآمدگی پر سخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے اس طرح کی حرکتوں سے یاسین کے عوام کا کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ۔

گزشتہ دنوں ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں عمائدین یاسین کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت اور قانون نافذکرنے والے ادارے مٹھی بھر شرپسند اور مفادپرست عناصر کی حرکات وسکنات کی وجہ سے پورے یاسین کے عوام کو شک کی نگاہ سے دیکھنے سے قبل علاقے کی تاریخ پر ایک نظردوڑائے تو اندازہ ہوگا کہ یہاں کے عوام نے پاکستان کی دفاع وسلامتی کی خاطر کس قدرقربانیاں دی ہیں،جن میں حوالدارلالک جان شہید(نشان حیدر) اورغازی گوہر آمان کی خدمات کی مثالیں تاریخ کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوام یاسین کو اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے اور اس کی خاطر اس وادی کا ہرفرد لالک جان کی طرح پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والی ہر قوت اورملکی سلامتی کے خلاف سازشوں میں ملوث ہرشخص کے خلاف افواج پاکستان کے شانہ بشانہ سیہ پلائی ہوئی دیوار بن کر مقابلہ کرنے سے دریغ نہیں کریگا۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذکرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ یاسین جیسے پرامن علاقے سے اس قسم کے شرپسند عناصر اور ملکی سلامتی کے خلاف سازشوں میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کرے اور اس میں پرامن علاقے کو بدنام کرنے سے گریزکیا جائے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button