متفرق

یاسین سے گاہکوچ آتے ہوے پولیس گاڑی حادثے کا شکار، ڈی ایس پی اکبر حسین اور ساتھی شدید زخمی

غذر(فیروز خان سے)یاسین سے گاہکوچ آتے ہوئے پولیس وین ہوپر کے قریب حادثے کا شکار،گاڑی میں سوار ڈی ایس پی راجہ اکبر حسین اور اے ایس ائی اسلام خان شدید زخمی۔تفصیلات کے مطابق پولیس وین یاسین سے گاہکوچ آتے ہوئے ہو پر کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔ گاڑی میں سوارڈی ایس پی راجہ اکبر حسین اور اے ایس آئی اسلام خان شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر فوری طورپر گاہکوچ پولیس اور مقامی رضاکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے جہاں سے دونوں زخمی پولیس آفیسران کو ڈی ایچ کیو ہسپتال گاہکوچ منتقل کر دیا گیا۔جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی ایس پی راجہ اکبر حسین کو گلگت ریفر کردیا گیا جبکہ اے ایس ائی اسلام خان کو ہسپتال سے فارغ کردیا گیا۔ واضح رہے حادثے کے وقت گاڑی میں ان دو افیسران کے علاوہ ڈرائیور یا کوئی اور اہلکار موجود نہیں تھا۔اطلاعات کے مطابق ڈی ایس پی راجہ اکبر حسین کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

اُدھر ایس پی آفس غذر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی میں سوار ڈی ایس پی راجہ اکبر حسین اور اے ایس ائی اسلام خان گزشتہ چار ماہ سے اے ٹی اے کے اہم کیس BNFحمید گروپ کے حوالے سے تفتیش کر رہے تھے۔حادثے کے روز بھی دونوں آفیسران تفتیش کی غرض سے یاسین گئے ہوئے تھے اس کیس کے تمام ملزمان کا تعلق یاسین سے ہے۔واضح رہے اس کیس کی سربراہی ڈی ایس پی اکبر حسین کررہے ہیں جس میں اُس کو شاندار کامیابی ملی تھی۔جس کا ثبوت برآمد شدہ بھاری اسلحلہ، گولیاں اور کیس سے جڑے مذید پانچ افراد کی گرفتاریاں شامل ہیں۔

ڈی ایس پی اکبر حسین جوائنٹ انوسٹگیشن ٹیم کے چیئر مین ہونے اور ایک اہم کیس کی نگرانی کرنے کی وجہ سے پولیس اس حادثے کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔اس حوالے سے اس حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائے گی تاکہ محض حادثہ سمجھ کر کسی گہری سازش کو نظر انداز نہ کیا جاسکے۔

اسلیئے ایس ایس پی غذر کی جانب سے دئیے گئے ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جو جائے حادثہ کا دورہ کریگی اور حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کی باریک بینی سے کوشش کرے گی اور ٹیم کی تفتیش کی روشنی میں حادثے کے حوالے سے حتمی رائے قائم کی جائے گی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button