گلگت بلتستان
یاسین سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام تعلیمی و ثقافتی پروگرام کا انعقاد
گلگت(نمائندہ خصوصی)مشیر سیاحت ثقافت و امور نوجوانان گلگت بلتستان سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ غذر کے عوام نے اپنی آباؤ اجداد کی روایات کو جاری رکھا ہے ملک کے لئے سب سے بڑی قربانی یاسین کے عوام نے دی ہے ۔لالک جان شہید نشان حیدر نے نہ صرف غذر بلکہ پورے گلگت بلتستان کا نام فخر سے بلند کرایا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اتوار کے دن یہاں گلگت میں یاسین سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سالانہ تعلیمی و ثقافتی پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہو ں نے کہا کہ حکومت غذر کے عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے وومین ڈیپاٹمنٹ گلگت بلتستان غذر میں خواتین کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے بہت جلد ایک میگا پروجیکٹ پر کام کرے گا جس کے ذریعے غذر میں خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے لانے کے لئے کام کیا جائے گا اور غذر میں خواتین کی خود کشی کے رجحان کو ختم کرنے کے لئے حکومت کام کر رہی ہے اس حوالے سے باقاعدہ تحقیق کی ضرورت ہے نوجوان طلبہ و طالبات اس حوالے سے عوام میں شعور دینے کے لئے کردار ادا کریں۔انہو ں نے کہا کہ یاسین کی ثقافت ایک مثالی کلچر ہے جس کو زندہ رکھنے کے لئے یہاں کے عوام اور نوجوانوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے تعلیمی اور ثقافتی پروگراموں کے فروغ کے ذریعے گلگت میں قیام امن کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت محمد ایوب شاہ نے کہا کہ مئی کے دوسرے ہفتے کو یاسین کو سب ڈویثرن کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گااور اس مہینے کے آخری ہفتو ں میں پھنڈر کو تحصیل کا درجہ دیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مالی بحران کے باوجود میں نے اپنے اے ڈی پی سے حلقے کے عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کی۔ میں نے علاقے کے لئے کوئی ترقیاتی کام نہیں کر سکا تو کوئی کرپشن بھی نہیں کی میرے حلقے کے عوام کو میرے کرپشن اور شرابی یا لوٹ کھسوٹ کے حوالے سے میرے بار ے میں کوئی تعنہ نہیں دے سکتا میں کسی قسم کی بد عنوانی میں ملوث نہیں اپنی ماہانہ تنخواہ سے بھی سماجی کاموں میں خرچ کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یاسین سٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے غذر کے سیاستدانوں اور سماجی کارکنوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے گلگت بلتستان کے لئے ایک مثال قائم کیا ہے جس کے لئے وہ مبارک باد کے مستحق ہے
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون پانی و بجلی یاسمین نظر نے کہا موجودہ دور چیلیجنز کا دور ہے جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے دنیا گلوبل ویلیج بن چکی ہے انٹرنیٹ موبائل فون اور دوسرے سوشل میڈیا نوجوان نسل کے لئے ایک امتحان بن چکا ہے نئی نسل اپنی تمام تر توجہ حصول علم کے لئے وقف کرے اور جدید ایجادات اور ٹیکنالوجی کو مثبت استعمال کریں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ممبر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی و رہنما مسلم لیگ ن غلام محمد نے کہا کہ نیتں صاف ہو تو علاقے کی اچھی خدمت کی جا سکتی ہے لمبی تقرریوں سے یا بلند بانگ دعوں سے علاقے میں خوشحالی نہیں آسکتی ہے حقیقی تر قی اور پائیدار قیام امن کے لئے سب کو مل کر جدوجہد کرنا پڑے گا رنگ نسل اور مذہب اور قبائلی ذہنیت سے نکل کر حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے کہا ملک اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے ایک طرف دہشت گر دی دوسری معاشی بد حالی اور بے روزگاری نوجوان نسل کے لئے چیلیج بن چکا ہے جس کے لئے تعلیمی یافتہ نوجوانوں کو کمر بستہ ہونا پڑے گا ۔
مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ جہانزیب نے کہا کہ مہدی شاہ حکومت مختلف ٹیکس کے ذریعے گلگت بلتستان کے عوام کو پستی کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے جس کا بھر پور مقابلہ کیا جائے گا ۔ہسپتالوں میں ٹیکس کا نفاذ عوام کے اوپر ظلم ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ممبر گلگت بلتستان علی مراد نے کہا کہ غذر کے عوام کے سیاسی اور عوامی نمائندے متحد ہو کر نہ صرف غذر بلکہ گلگت بلتستان کو بھی ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔تقریب سے مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید اقبال بیگ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔