عوامی مسائل
ہنزہ میں زمینوں کا سرکاری معاوضہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق کیا جائے- عمائدین ہنزہ کا چیف سیکریٹری سے ملاقات میں مطالبہ
ہنزہ(رحیم امان) چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سید طاہر حسین کا اپنے ہنزہ کے تفصیلی دورے کے دوران ہنزہ کے عمائدین اور نمبرداروں کی وفد سے ملاقات کی جس میں ہنزہ کو درپیش اہم مسائل زیربحث آئے۔
چیف سکرٹیری گلگت بلتستان سید طاہر حسین سے ملاقات کے دوران ہنزہ کے نمبرداروں نے کہاکہ ہنزہ ایک بین الاقوامی حیثیت کا حامل علاقہ ہے۔ دوسرے اضلاع کے مقابلے میں ہنزہ میں زمین کا سرکاری معاوضہ بہت کم ہے جس کے باعث عام زمین دار جس کا زمین حکومتی ترقیاتی کاموں کے لیے استعمال ہوتا ہے اُسے اپنے زمین کے بدلے میں کوئی قطعہ زمین حاصل کرنا ممکن نہیں رہتا جبکہ ہنزہ میں زمین کی عام لین دین کئی گنازیادہ رقم میں طے ہوتے ہیں۔ اعلیٰ نمبردا رحسین آباد شناکی میجر(ر) اسلام نے مطالبہ کیا کہ ہنزہ کے زمینوں کا سرکاری معاوضہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق کی جائے تاکہ ہنزہ کے عام آدمی کو اس کا جائز حق مل سکے۔
عمائدین ہنزہ نے ہنزہ میں موجود بجلی بحران سے چیف سکریٹری کوآگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہنزہ میں صرف دو گھنٹے بجلی میسر ہے۔ ہنزہ کے لیے 2012ء میں خریدی گئی ٹربائین کا آج تک پتہ نہیں چل سکا جبکہ اسی پروجیکٹ میں شامل دیگر ٹربائین باقاعدگی سے کام کررہے ہیں اور اس کے علاوہ ہنزہ کے دیگر بجلی کے منصوبوں پرکام کو بھی تیز کیا جائے۔ اس موقعے پر نمبردارن نے کہا کہ ہنزہ مسگر پاور پروجیکٹ تو ایک خوا ب بنا ہوا ہے جس کی تعمیر بروقت نہ ہونے سے ہنزہ میں بجلی کے بحران شدید سے شدید تر ہوگیا ہے۔
اس موقعے پر نمبردارن ہنزہ نے گوجال ہنزہ کے مسائل بیان کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سوست گوجال میں نادرا آفس اوریوٹیلٹی سٹورکو جلد یقینی بنایا جائے کیونکہ گوجال کے دور افتادہ علاقوں کے لوگوں کوکئی میلوں کا سفر کرنے او ر سینٹرل ہنزہ میں کئی دنوں تک ٹہرنے کی نوبت نہ آئےاور ان کا پیسے اور وقت ضائع نہ ہو سکے۔
اس موقعے پر عمائدین و نمبردارن نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہنزہ کے کئی سرکاری محکموں میں سکیل نو تک کے بہت سارے آسامیاں خالی پڑی ہیں جس کی وجہ سے سرکاری محکموں کی کارکردگی متا ثر ہوتی ہے اور علاقے میں بیروزگاری میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ان اسامیوں پر جلد تقریریاں عمل میں لائی جائے۔
چیف سیکرٹری سید طاہر حسین نے عمائدین سے ہنزہ کے اہم مسائل سننے کے ساتھ ساتھ مختلف سرکاری اداروں کے ذمہ داروں کوموقع پر ہی ہدایات جاری کیں اور ہنزہ کے عمائدین اور نمبرداروں کو یقین دلایا کہ ہنزہ میں موجود بجلی بحران کے ساتھ دیگر مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کئے جائینگے