عوامی مسائل

نہر آتہک علاقے کیلئے موت وحیات کا مسئلہ ہے۔ناظمین وعمائدین موڑکہو کا پریس کانفرنس

چترال (بشیر حسین آزاد ) ناظمین و عمائدین موڑ کہو مرسلین خان وی سی ناظم کوشٹ ، فریدالدین ناظم وریجون ، قادر شاہ سابق ناظم موڑکہو ، حاجی حسین سابق چیرمین موڑکہو ، پرنس سلطان الملک سوشل ورکر اور مبارک حسین شاہ نے ایک پریس کانفرنس میں ایم این اے چترال شہزادہ افتخار الدین کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ کہ اُن کی کوششوں سے ڈی جی ایف ڈبلیو او جنرل افضل نے موڑکہو کا دیرینہ مسئلہ اتہک نہرکی تعمیر میں دلچسپی لی اور اس کیلئے فنڈ مختص کر واکر خود ایف ڈبلیو او کے ذریعے اس کی تعمیر کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ جس سے تمام موڑکہو کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ اور علاقے کی تمام آبادی نے ڈی جی ایف ڈبلیو او اور ایم این اے چترال کو دعائیں دی ہیں اور نیک جذبات کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ موڑکہو ایک وسیع رقبے پر پھیلا ہوا علاقہ ہے ۔ اور نہر اتہک اس علاقے کیلئے موت وحیات کا مسئلہ ہے ۔ جس پر گذشتہ پرویز مشرف کی حکومت میں 14کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کیا گیا ، لیکن محکمانہ مفاد پرستی اور نا اہل ٹھیکہ داروں کی وجہ سے فنڈ خرد برد کا شکار ہونے سے منصوبہ ادھورا پڑا تھا ۔ اور علاقے کے لوگ انتہائی مایوسی کا شکار تھے۔ لیکن ایم این اے چترال شہزادہ افتخارالدین نے موڑکہو کے لوگوں سے کئے گئے اپنے وعدے کے مطابق اس سلسلے میں مسلسل کو شش کی اور آج اس کیلئے فنڈ منظور کرانے میں کامیاب ہو گئے ہیں ۔ جس سے موڑکہو کے لوگوں کو نئے سرے سے زندگی ملی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ۔ کہ آتہک نہر کے خرد برد شدہ فنڈ کی انکوائری کی جائے ۔ اور اب منظور شدہ فنڈ کو بہتر طریقے سے استعمال کرکے منصو بے کو کامیاب بنایا جائے ۔ تاکہ موڑکہو کی ہزاروں کی آبادی کا خواب حقیقی معنوں میں شرمندۂ تعبیر ہو ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button