کوہستان

کوہستان: ضلع لوئر کوہستان کی بحالی کے فیصلے کے بعد ڈپٹی کمشنر کی ضلعی ہیڈکوارٹر پٹن آمد پرشہریوں کی جانب سے فقیدالمثال استقبال کیا گیا

کوہستان(شمس الرحمن کوہستانیؔ ) سپریم کورٹ کی جانب سے ضلع لوئر کوہستان کی بحالی کے فیصلے کے بعد پہلی بار ڈپٹی کمشنر کی ضلعی ہیڈکوارٹر پٹن آمد پرشہریوں کی جانب سے فقیدالمثال استقبال کیا گیا،جہاں ہزاروں کی تعداد میں دونوں اضلاع سے عوام نے شرکت کی ۔ منگل کے روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کے مشیر حاجی عبدالحق کے ہمراہ نومولود ضلع لوئر کوہستان کے ڈپٹی کمشنر جب پشاور سے بشام کی طرف روانہ ہوئے تو اس دوران تحصیل پٹن کے باسی سینکڑوں گاڑیوں کے قافلے سے چھوٹے بڑے ہر عمر کے لوگ اُن کے استقبال کیلئے شاہراہ قراقرم پر بشام کی جانب روانہ ہوئے۔ گاڑیوں کی طویل قطار جب بشام کے قریب پہنچے تو نئے ڈپٹی کمشنر لوئر کوہستان خدابخش کا قافلہ وہیں پہنچا تھا جہاں عوام نے اُن کے گلے میں ہار ڈالا اور نعروں کی گونج کے ساتھ گاڑیوں کی طویل قطار میں انہیں ضلعی ہیڈکوارٹر پٹن لایا گیا، جہاں گورنمنٹ ماڈل گریژن ہائی سکول میں اساتذہ اور طلباء کی جانب سے استقبالیہ جلسے کی تیاری کی گئی تھی جس کی صدارت اپر کوہستان سے حاجی ملک سخی آف داسو کررہے تھے ۔ طویل لاؤ و لشکر کے ساتھ ڈپٹی کمشنر جب پنڈال پہنچے تو ہزاروں شرکاء نے اُٹھ کھڑے ہوکر اُن کااستقبال کیااور سکول طلبہ نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اس دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مفکر کوہستان جید عالم دین مرحوم مولانا عبدالحلیم کے فرزند مولانا کریم داد نے فرداً فرداًتمام علاقوں سے آئے ہوئے معززین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’’خدابخش ضلع کا خدا بخش ڈپٹی کمشنر زندہ دلوں کے شہر پٹن پہنچنے پر اہلیان پٹن و کیال کی جانب سے خوش آمدید کہتا ہوں ‘‘ انہوں نے اہلیان پالس کو خیر سگالی پیغام بھیجتے ہوئے کہا کہ سماجی بائیکاٹ ختم ہوچکا اب اہلیان پالس جب دل چاہے پٹن کی سرزمین پر آجاسکتے ہیں ،وہ کل بھی ہمارے بھائی تھے آج بھی بھائی ہیں۔ ضلع پالس کی حمایت کرتے ہیں مگر اپر کوہستان اور دیگر علاقوں میں بھی اضافی ضلع بنائیں جائیں ۔ مقررین میں سے مولانا کریم داد، ایم پی اے عبدالستار خان ، مشیر حاجی عبدالحق ، ملک اورنگزیب کولئی ، ملک سخی داسو کا کہنا تھاکہ آج کا دن کوہستان اور کوہستانی قوم کیلئے تاریخی دن ہے ،یہ دن یاغستان خطے کی تاریخ دہراتاہے جن کے بڑوں کی محنت رنگ لارہی ہے ۔اٹھائیس فروری لوئر کوہستان کی تخلیق کا دن ہے ۔ضلع کوہستان سی پیک کے لحاظ سے اہم ترین ضلع ہے ۔ گلگت بلتستان اگر سی پیک کا سر ہے تو کوہستان اس کا دل ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ یہاں سو سالہ عظیم منصوبے تکمیل ہونے ہیں ،ان منصوبوں میں کوہستان اور کوہستانی قوم ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ سیاسی جادوگر سیاسی شہید ہونا چاہتے ہیں جو ضلع لوئر کوہستان کا قیام 2018تک کھینچنا چاہتے تھے وہ اپنے مشن میں ناکام ہوگئے ہیں ۔ مخالفین نے عدالتوں کے ذریعے چار سال تک دونوں ضلعوں کی ترقی روکی اور آخر کارحق و سچ کی فتح ہوئی ۔ایم پی اے عبدالستار کا کہنا تھا کہ کچھ منفی سوچ رکھنے والوں کو اس خطے کی ترقی پسند نہیں مگر عوامی طاقت نے اُن کے عزائم خاک میں ملادئے ۔ انہوں نے کہا کہ’’ خدابخش ضلعے کو خدابخش ڈی سی مل گیا، جبکہ اللہ رکھا ڈی سی کیلئے اللہ دتہ ضلعے کا انتظاررہے گا‘‘ ۔ ضلع پالس یا تیسرا ضلع بننے کیلئے میری نمائندگی کی قربانی دینی پڑے تو تیار ہوں ‘‘اس دوران کولئی سے ملک زادہ ملک اورنگزیب نے خطاب میں کہا کہ بناوٹ کے پھولوں سے کبھی خوشبو نہیں آسکتی ،ہم لوئر کوہستان کے قیام پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں ۔

تقریب کے صدرملک سخی آف داسو نے ضلع لوئر کوہستان کے ضلعی ہیڈکوارٹر پٹن کانام ’’سری نگر ‘‘رکھ لیا۔اس دوران جلسہ تالیوں سے گونج اُٹھا۔اس دوران وزیراعلیٰ کے مشیر حاجی عبدالحق نے ضلع اپر کوہستان کو دو ضلع بنانے اور دوبیر،بنکڈ جیجال اور رانولیاں کو بھی الگ ضلع کا درجہ دینے کا یقین دلایا اور کہا کہ لوئر کوہستان کے قیام میں ہم تینوں ایم پی ایز(عبدالستار،عصمت اللہ ، عبدالحق) کی مشاورت شامل تھی۔اُن کا کہنا تھاکہ مولانا عصمت اللہ سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں اب قوم ایسا ہونے نہیں دیگی۔

نو تعینات ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر خدابخش نے استقبالیہ جلسے کے شرکاء سے خطاب میں اعلان کیا کہ کرپشن فری کوہستان اور چھ مہینوں کے اندر تمام محکموں کے قیام یقینی بنائیں گے تاہم مشکلات اور مسائل حل کرنے کیلئے مقامی سیاسی قیادت، علماء، نوجوانوں کا تعاون درکارہوگا۔ اُن کی زندگی کا مقصد عوامی خدمت ہے اور عوام کاپیسہ ہر صورت عوام پر لگایا جائیگا۔ کرپشن زیر وٹالرنس ہے ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button