متفرق

شاہی مسجد واقعے میں خطیب مسجد مولانا خلیق الزمان کا کردار قابل فخر ہے، رہنماوں کا پریس کانفرنس سے خطاب

چترال ( محکم الدین) ھدیۃ الھادی پاکستان کے ذمہ داروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئی ایس آئی اور ایم ۔ آئی کے ذریعے شاہی مسجد چترال کے واقعے کی تحقیقات کرواتے ہوئے اس کے اصل کردار وں کو بے نقاب کیا جائے جوکہ ایک گہری سازش کا نتیجہ ہے اور یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ پاکستان میں فرقہ واریت پھیلانے کے لئے بین الاقوامی قوتیں سرگرم عمل ہیں جوکہ ملک کو شام اور عراق کے طرز پر خانہ جنگی کے دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔

منگل کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ھدیۃ الھادی پاکستان کے مرکزی نائب صدر،نائب صدر ملی یکجہتی کونسل اور ضلعی رہنما پی ٹی آئی رضیت باللہ، ضلع چترال کے جنرل سیکرٹری نوید احمد بیگ اور لویر چترال کے صدر شاہد احمد نے کہاکہ ھدیۃ الھادی پاکستان پہلے سے اس خطرے کی نشاندہی کرتی آرہی ہے کہ سی۔پیک کے بعد چترال اور گلگت میں حالات خراب کرنے کے لئے امریکہ ، بھارت اور اسرائیل ، افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں جن میں فرقہ واریت ، لسانیت، شدت پسندی اور دہشت گردی سرفہرست ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شاہی مسجد واقعے میں خطیب مسجد مولانا خلیق الزمان کا کردار قابل فخر ہے جس نے قربانی دے کر اسلام، پاکستان اور خصوصاً چترال کو فرقہ ورانہ فسادات اور بدنامی سے بچالیا جبکہ کمانڈنٹ چترال سکاوٹس بھی شکریے کے مستحق ہیں جوکہ فوری طور پر موقع پر پہنچ کر مزید جانی اور مالی نقصان کو روکنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کئے جائیں اور ان کے خلاف دہشت گردی کے دفعات لگانے سے اجتناب کیا جائے کیونکہ جو کچھ ہوا، وہ ختم نبوت اور حضور کی محبت میں ہوا۔ ھدیۃ الھادی پاکستان کے مرکزی عہدیدار نے اس موقع پر اعلان کیا کہ 18۔مئی کو چترال میں ایک عظیم الشان کانفرنس "ہم سب پاکستان ہیں”کے عنوان پر منعقدکی جائے گی جس میں ملک کے نامور علمائے کرام ، دانشور اور اسماعیلی اور کالاش برادری کے اکابریں بھر پور شرکت کریں گے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button