خواتین کی خبریںمعیشت

چترال شہر میں خواتین کے لئے علیحدہ مارکیٹ تعمیر کی جائے گی

چترال ( نمایندہ خصوصی) خواتین کی بڑے پیمانے پر خریداری کے سلسلے میں مشکلات کو دیکھتے ہوئے چترال چیمبر آف کامرس کے صدر سرتاج احمد خان اور ونگ کمانڈر ( ر ) فرداد علی شاہ نے شہر کے وسط میں خواتین مارکیٹ تعمیر کرنے پر اصولی اتفاق کرلیا ہے ۔ جس میں ابتدائی طور پر 50دکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔ جبکہ خواتین خریداروں اور بچوں کیلئے مارکیٹ کے اندر واش رومز ، نماز پڑھنے کی جگہ ، ریسٹوران ، اور مستقبل میں خواتین بینک کی سہولت حاصل ہوگی ۔ مارکیٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں دکاندار اور خریدار دونوں خواتین ہوں گی ۔ پردے کا خاص انتظام کیا جائے گا ۔ اور کسی بھی مرد کو خواتین مارکیٹ میں جانے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ مارکیٹ کے اندر قائم ریسٹوران میں اُن ماہر شیف خواتین کو ٹریڈیشنل فوڈ تیار کرنے اور فروخت کرنے کے مواقع ہوں گے ۔

ہفتے کے روز مارکیٹ کے مالک ونگ کمانڈر ( ر) فرداد علی شاہ اور چترال چیمبر آف کامرس کے صدر سرتاج احمد خان نے مارکیٹ کے جگہے کا معائنہ کیا ۔ اور اس امر کا اظہار کیا کہ اس مارکیٹ کی تیاری سے خواتین کو مختلف بازاروں میں گھومنے کی بجائے ایک ہی مقام پر ضرورت کی تمام چیزیں مل سکیں گی ۔ اس سے خواتین کو آنے جانے میں وقت اور سرمائے کی بھی بچت ہوگی ۔ جبکہ مارکیٹ مین اڈے کے قریب ہونے کی وجہ سے اُنہیں آمدورفت میں بھی آسانی ہو گی ۔ بعد آزان چیمبر آف کامرس کے وائس پریذیڈنٹ اتالیق حیدر علی شاہ کی موجودگی میں ہونے والی میٹنگ میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ۔ کہ چترال چیمبر اس مارکیٹ کی بھر پور سپورٹ کرے گی ۔ اس حوالے سے صوبائی حکومت سے بھی بات چیت کی جائے گی ۔ اور خواتین جو آبادی کا نصف حصہ ہیں ، اُن کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے اس ا مر کا اظہار کیا ۔ کہ یہ مارکیٹ شرعی طور پر خواتین کو اپنی ضرورت کی اشیاء پردے میں خریدنے کا موقع فراہم کرے گا ۔ اتالیق حیدر علی شاہ نے کہا ۔ کہ اس مارکیٹ کی بہت پہلے ضرورت محسو س کی جارہی تھی ۔ اس سے خواتین کو نہ صرف اپنی مرضی سے خریداری کا موقع ملے گا ۔ بلکہ وسیع ماحول میسر ہونے سے ایک دوسرے سے گُل ملنے اور تبادلہ خیال کا موقع ملے گا ۔ سرتاج احمد خان نے کہا ۔ کہ خواتین کے بزنس کے فروغ کے سلسلے میں پہلے ہی سیکرٹری ٹورزم سے بات ہوئی ہے ۔ اور انشااللہ چترال چیمبر ، ٹورزم ڈیپارٹمنٹ ، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سمیڈا مل کر اس کو کامیاب بنائیں گے ۔ ونگ کمانڈر فرداد علی شاہ ن نے کہا ۔ کہ مارکیٹ کی تعمیر وہ خود کریں گے ۔ اور انشاللہ مختصر عرصے میں مکمل کیا جائے گا ۔ قبل ازین سرتاج احمد خان نے چترال سبزی مارکیٹ کا دورہ کیا ۔ اور اُن کے مسائل سنے ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button