کالمز

غذر میں صحت کی سہولیات اور تلخ حقائق

تحریر: معراج علی عباسی

ڈسٹرکٹ غذر کے ضلعی ہیڈکوارٹرمیں موجود ڈی ایچ کیو ہسپتال کی حالت زار کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔ڈسٹرکٹ ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کا فقدان ہے ۔علاج کی امید لیکر ڈی ایچ کیو ہسپتال گاہکوچ آنے والے مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ حکومت کی جانب سے ہسپتال میں میڈیکل اور پرامیڈیکل سٹاف کے علاوہ مناسب طبی آلات و ادویات د ستیاب ہیں، مگرزمہ داران کی اپنے فرائض میں غفلت برتنے کے باعث مریض رُل رہے ہیں ۔

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ڈاکٹرکاظم نیاز نے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال غذر کا دورہ کیا،انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا،علاج معالجے کا جائزہ لیا،مریضوں کے مسائل سے اگاہی حاصل کی۔ انہوں نے ہسپتال کی توسیع کے منصوبے پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا۔

ہسپتال میں علاج معالجے اور توسیع منصبوبے کے حوالے سے محکمہ صحت گلگت بلتستان کے زمہ داران سے انتہائی سخت الفاظ میں باز پرس کی اور ڈی ایچ کیو ہسپتال غذر میں صحت سہولیات کی مخدوش صورت حال اور توسیع منصوبے میں تاخیرپر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں دستیاب سہولیات کو بروئے کار لاتے ہوئے مریضوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے اور توسیعی منصوبے پرجاری کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ذمہ داران کو اگلے دورے تک کسی قسم کی شکایت کا موقع نہ دینے کی وارننگ دی۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے ہسپتال میں میں موجود آپریشن تھیٹرکو گلگت بلتستان کے دیگرڈسٹرکٹ میں موجود ہسپتالوں کے تھیٹرسے زیادہ مناسب بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے آپریشن تھیٹرمیں بہترین مشینری کے باوجود تھیٹرکی بندش ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے فوری طورپر ہسپتال کے تھیٹرمیں گائنی اور دیگرایمرجنسی آپریشن شروع کرنے کے احکامات جاری کیے۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کی صورتحال اور دستیاب طبی آلات اور اپریشن تھیٹرکومریضوں کے لیے قابل استعمال نہ بنانے کو ہسپتال انتظامیہ کی کمزوری اور غفلت قراردیتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے سیکریٹری ہیلتھ گلگت بلتستان ،ڈی سی غذر اور ہسپتال کے ایم ایس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ آپ ہسپتال کو دستیاب وسائل کے ساتھ کیسے فنکشنل کرتے ہیں۔ مجھے ہرصورت میں یہ ہسپتال فنکشنل چاہیے ۔

چیف سیکرٹری کا سیکرٹری ہیلتھ اور ایم ایس کو ہرصورت ہسپتال کو فنکشنل کرنے کا حکم دینے کا مطلب یہ ہے کہ ہسپتال کوچلانے کے لے ضروری وسائل دستیاب ہیں مگر انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے اب تک مریض محروم رہے ہیں۔

 چیف سیکرٹری نے ہسپتال سے متصلہ ڈاکٹرز کالونی کے زیرتعمیرپراجیکٹ کابھی جائزہ لیا، اور ایگزیکٹوانجینئرغذر کوجاری سیکموں کوسخت نگرانی کرنے کی ہدایت دی ۔چیف سیکرٹری نے ہسپتال کے مین گیٹ کے ساتھ مریضوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے واٹرپلانٹ لگانے کا بھی حکم دیا۔چیف سیکرٹری نے ہسپتال کے توسیع منصبوبے میں تاخیراور گزشتہ سال ہسپتال کا ترقیاتی بجٹ سرنڈرہونے پر سیخ پا ہوکر ایکسئین محکمہ تعمیرات عامہ اور ٹھیکیدار کی موقع پر کلاس لی، اور انتہائی سخت الفاظ میں کہا کہ میں دوہفتے بعد دوبارہ آوں گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عقلمند کے لیے اشارہ کافی ہے ۔

اس سے قبل چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے ایفاد کے تحت اے کے آر ایس پی کے تعاون سے غذرکے بالائی تحصیل اشکومن برگل تافمانی میں.09 27ملین روپے کی لاگت سے زیرتعمیر18 ہزار 5سو فٹ لمبا واٹرچینل کے منصبوبے کا معائنہ4کلومیٹرپیدل چل کرکیا۔

ای ٹی ائی گلگت بلتستان کے کوآرڈینٹرڈاکٹراحسان اور نجمہ نے چیف سیکرٹری کو منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button