چترال (امیر نایاب) گزشتہ شب آٹھ بجے کے لگ بھگ بالائی چترال کے علاقے لاسپور میں واقع بروک نامی گاوں میں آتشزدگی کا واقعہ رونما ہوگیا۔ آگ لگنے سے مرزا نادر شاہ کی رہائشی مکان سامان سمیت جل کر خاکستر ہوگیا۔ مالک نے کہا کہ اندوہناک سانحے میں بیس لاکھ کا نقصان ہوگیا ہے۔
میرزا نادر شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ آگ رات آٹھ بجے بھڑک اُٹھی۔ بیٹا پڑھنے کے لئے کمرے کی طرف جا رہا تھا۔ آگ دیکھ کر گھر والوں کو اطلاع دی، اور وہ جلدی باہر نکل کر اپنی جانیں بچا سکیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی گئی، مگر کامیابی نہیں ملی۔ مالک نے بتایا کہ وہ بحالت مجبوری عارضی طور پر اپنے خاندان سمیت رشتہ داروں کے گھر منتقل ہوگیا ہے۔