معروف کالم نگار، معلم اور سماجی کارکن شکور علی زاہدی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے
گلگت (خصوصی نمائندہ) گلگت بلتستان کے معروف کالم نگار، معلم اور سماجی کارکن شکور علی زاہدی حرکتِ قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق کل اچانک انہیں دل کا دورہ پڑا، اور اس مہلک دورے سے جانبر نہ ہوسکے۔
شکور علی زاہدی نے زندگی کا بیشتر حصہ سماجی بہبود، بالخصوص بصری مشکلات کے شکار افراد کی معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لئے صرف کی۔ انہوں نے علاقے کے تقریباً تمام اخبارات اور ڈیجیٹل نیوز سائٹس کے لئے ایک ہزار کے لگ بھگ کالمز لکھے۔ وہ خصوصی افراد کو تعلیم دینے کے علاوہ ان کی بہبود کے لئے بھی مسلسل جدوجہد میں مصروف رہے۔ وہ گلگت بلتستان سپیشل ایجوکیشن ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر تھے۔
مرحوم شکور علی زاہدی نے یونیورسٹی آف کراچی سے اردو اور اسلامیات میں ماسٹرز کی دو ڈگریاں حاصل کی تھیں، اور وہ یونیورسل سکول سسٹم کے چیرمین کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
زاہدی کی موت پر زندگی کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوے ان کی خدمات اور جدوجہد کو سلام بھی پیش کیا ہے۔