اہم ترین

گلگت بلتستان پولیس کے 147 اہلکاروں کی ایک ساتھ ترقی

گلگت (پ ر) گلگت بلتستان پولیس میں پہلی بار ایک ساتھ بڑے پیمانے پر ترقیاں دے دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق گلگت اور دیامر رینج کے 147 پولیس اہلکاروں کو مختلف رینکس میں ترقی دے دی گئی ترقی پانے کے بعد گلگت رینج کے 14 پولیس اہلکار سب انسپکٹر بن گئے جبکہ 30اہلکار اسسٹنٹ سب انسپکٹر بن گئے اور 69پولیس اہلکار ہیڈ کانسٹیبل بن گئے ۔ گلگت رینج کے ترقی پانے والوں میں ضلع گلگت، سپیشل برانچ ،اے آر پی،کی پوائنٹ،پی ٹی سی،کے ایس ایف،سی پی او،کے کے ایس ایف،سی ٹی ڈی،ضلع ہنزہ،ضلع غذر اور ضلع نگر میں ڈیوٹی دینے والے پولیس اہلکار شامل ہیں۔ دیامر رینج کے 3پولیس اہلکار سب انسپکٹر بنادئیے گئے اور 3اہلکار اسسٹنٹ سب انسپکٹر بن گئے جبکہ 87پولیس اہلکار ترقی پانے کے بعد ہیڈ کانسٹیبل بن گئے ۔ دیامر رینج کے ترقی پانے والوں میں استور اور دیامر میں ڈیوٹی دینے والے اہلکار شامل ہیں۔

گلگت بلتستان پولیس کے 147اہلکاروں کو ایک ساتھ رینکس لگانے کی پُروقار تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائن گلگت میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ہیڈ کوارٹرز کے ڈی آئی جی محمد شعیب خرم تھے جہاں پر ہیڈ کانسٹیبل ،اسسٹنٹ سب انسپکٹرزاور سب انسپکٹرز کے رینکس لگائے گئے۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوراٹرز محمد شعیب خرم اور ڈی آئی جی گوہر نفیس نے پولیس اہلکاروں کو رینکس لگائے۔ بعد میں دیگر آفیسران نے بھی اہلکاران کو رینکس لگا ئے۔

گلگت بلتستان پولیس کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ اتنی تعداد میں پولیس اہلکاروں کی ایک ساتھ ترقی ہوئی ہو۔ سسٹم میں خرابی کی وجہ سے اس سے پہلے کچھ اہلکاروں نے چور دروازے سے ترقی حاصل کی تھی ایسے تمام اہلکاروں کی تنزلی عمل میں لائی گئی ۔ ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی گلگت رینج گوہر نفیس نے ڈسٹرکٹ پولیس لائن میں رینکس لگانے کی تقریب میں خطاب کے دوران کیں۔ انہوں نے کہا کہ بھرتیوں ،تبادلوں اور ترقیوں کے طریقہ کار کو شفاف بناکر سٹریم لائن کردیا گیاہے۔ چوردروازے ہمیشہ کے لئے بند کر دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پی صابر احمد اور ڈی آئی جی محمد شعیب خرم کاان اصلاحات میں اہم کردار ہے۔ گوہر نفیس نے مذید کہا کہ ایس پی یو پراجیکٹ کے آنے سے جی بی پولیس میں 750اہلکاروں کا اضافہ ہوگا۔ گلگت شہر میں سیف سٹی کے پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد تین مہینوں کے اندردیگر اضلاع تک اس پراجیکٹ کی توسیع کی جائیگی۔ پولیس اہلکاروں کی اپ گریڈیشن کا مسئلہ بھی عنقریب حل ہونے والا ہے۔ حکومت پولیس فورس کے لئے اتنا کچھ کر رہی ہے تو ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں۔ گوہر نفیس نے آخر میں ترقی پانے والے تمام پولیس اہلکاروں کو مبارک باد دی۔

واضح رہے کہ بعض اہلکاروں کو 10فیصد(ان پڑھ) کوٹے کے تحت بھی ترقی دی گئی ہے۔ رینکس لگانے کے پروقار تقریب میں جی بی پولیس کے تمام ڈی آئی جیز،تمام ایس ایس پیزاور سپیشل برانچ کے اے آئی جی،ہیڈ کوارٹرز کے آفیسران ،ڈسٹرکٹ پولیس کے آفیسران سمیت معززین اور ترقی پانے والوں کے رشتہ داروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ترقی پانے والے پولیس اہلکاروں کو ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز محمد شعیب خرم اور ڈی آئی جی گوہر نفیس نے فردا فردا مبارک باد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر ترقی پانے والوں کے عزیز و اقارب اور دوستوں کی طرف سے پھولوں کے ہار پہنائے گئے مبارک بادیں دی گئیں اور خوشی میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button