گرچہ گوجال میںمارش آرٹس سپورٹس گالا اختتام پذیر

ہنزہ (بیورو رپورٹ) – گوجال گرچہ میں منعقدہ مارشل آرٹ سپورٹس گالا کا فائنل شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب میں علاقے کے معززین، خواتین، اور مرد و خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی گوجال کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت ریشم بیگ جبکہ میرِ محفل نمبردار محمد سفیر تھے، جنہوں نے مارشل آرٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔
علاقے کے معززین نے گلگت بلتستان اسپورٹس بورڈ اور صدر جوڈو گلگت بلتستان مشتاق حسین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔
مارشل آرٹ کے بانی اُستاد حیدر طائی اور دیگر معززین نے گلگت بلتستان اسپورٹس بورڈ اور ڈائریکٹر حسین علی کے خلاف پھیلائی جانے والی من گھڑت خبروں کی سختی سے مذمت کی اور کہا کہ یہ بے بنیاد خبریں علاقے کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش ہیں۔ انہوں نے ڈائریکٹر حسین علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ گوجال کے نوجوانوں کو آگے بڑھانے کی کوشش کی ہے۔
سیکریٹری ٹورزم وقار علی خان کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا گیا، جن کی سرپرستی میں علاقے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ معززین کا کہنا تھا کہ علاقے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، اور ہم پوری کوشش کریں گے کہ مرد و خواتین کھلاڑیوں کو گلگت بلتستان کی نمائندگی کے لیے ہر ممکن مواقع فراہم کیے جائیں۔