خبریں

چینی باشندوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، سیکریٹری داخلہ

گلگت (پ ر) سیکرٹری داخلہ گلگت بلتستان رانا محمد سلیم افضل کی زیر صدارت خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سول و آرمڈ فورسز کے اعلی آفیسران نے گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔ سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی امن سے مشروط ہے اور سی پیک سمیت دیامر بھاشا ڈیم اور داسو ڈیم کی تعمیر سے خطے سمیت ملک کی معاشی حالت بدلے گی۔ ملک دشمن عناصر گلگت بلتستان میں امن و امان میں خلل ڈال کے خطے کو معاشی ترقی کی پٹڑی سے اتارنے کے درپے ہیں۔ گلگت بلتستان میں جاری بھاشا دیامر ڈیم اور دیگر میگا منصوبوں میں خام کرنے والے چائینیز انجینئرز اور مزدوروں کی فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں بین المسالکی ہم آہنگی دشمن قوتوں کے نظروں میں کھٹک رہی ہے لیکن گلگت بلتستان کے علماء اور عوام اب بیرونی سازشوں کو سمجھ چکے ہیں اور وہ ان شر پسند عناصر کے مذموم مقاصد ناکام بنانے کیلئے حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے سول و آرمڈ سیکیورٹی اداروں کے آفیسران کو ہدایت جاری کی کہ چینی باشندوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا لہذا تمام ادارے منظم انتظامات کو یقینی بنائیں۔ دریں اثنا صوبائی سیکریٹری داخلہ نے وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی ہدایت پر ایمرجنسی اقدامات کے حوالے سے بھی اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں خطے میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکوں کی فوری بحالی اور عوام الناس کو درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر ٹھوس اقدامات اٹھانے کیلئے بھی ہدایات جاری کی گئیں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button