ہز ہائنس پرنس کریم آغا خان کی آخری رسومات
![](https://i0.wp.com/urdu.pamirtimes.net/wp-content/uploads/2025/02/MHI-and-Prince-Amin.png?resize=780%2C470&ssl=1)
شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کے 49 ویں امام، ہز ہائنس پرنس کریم الحسینی، آغا خان چہارم کی آخری رسومات آج صبح اسماعیلی مرکز لزبن میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر ان کے جانشین، 50 ویں اسماعیلی امام ہز ہائنس پرنس رحیم آغا خان پنجم، آغا خان چہارم کے اہلِ خانہ، اسماعیلی برادری، آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کے رہنما اور ممتاز بین الاقوامی شخصیات اس موقع پر موجود تھے ۔
تقریب میں عالمی شخصیات نے جن میں پرتگال کے صدر ریبیلو ڈی سوزا، کینیڈا کے وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈ شامل ہیں ، شرکت کی۔ اس کے علاوہ اردن، کرغزستان، پاکستان، قطر، اسپین، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
دنیا بھر میں اسماعیلی برادری کے افراد جماعت خانوں (عبادت گاہوں) میں جمع ہوئے تاکہ اس موقع کی براہِ راست نشریات دیکھ سکیں اور اپنے امام کی غیر معمولی قیادت، خدمات اور انسانیت کے لیے ان کی گرانقدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کر سکیں۔
ہز ہائنس کا جسد خاکی ایک سفید کپڑے میں لپٹا ہوا تھا، جس پر ان پرچکی سونے سے کڑھائی کی گئی تھی۔ جسد خاکی کو اسماعیلی برادری کے رضاکاروں نے عقیدت کے ساتھ رسمی ہال تک پہنچایا، جبکہ اس دوران حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور ان کی آل پر درود و سلام پڑھا گیا۔ مسلم روایات کے مطابق، قرآن مجید کی تلاوت کی گئی، جس کے بعد حاضرین نے ان کی آخری رسومات میں شرکت کی۔
ہز ہائنس نے اپنی پوری زندگی اس حقیقت پر زور دیا کہ اسلام ایک فکری اور روحانی دین ہے جو ہمدردی، رواداری اور انسانی وقار کے احترام کی تعلیم دیتا ہے۔ انہی اصولوں کو بنیاد بنا کر انہوں نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کی بنیاد رکھی، جو نجی، بین الاقوامی اور غیر فرقہ وارانہ اداروں کا ایک مجموعہ ہے اور ترقی پذیر دنیا کے سب سے کمزور اور ضرورت مند طبقات کی معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اور مواقع پیدا کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
ہز ہائنس پرنس کریم آغا خان چہارم کی تدفین کل 9 فروری کو مصر کے شہر اسوان میں ایک نجی تقریب میں عمل میں آئے گی۔ انہیں عارضی طور پر ان کے دادا، سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوم کے مقبرے میں سپردِ خاک کیا جائے گا، تاوقتیکہ اسی جگہ کے قریب ان کی آخری آرام گاہ کے طور پر ایک نیا مقبرہ تعمیر نہ کر لیا جائے۔