خصوصی خبرچترال

تحریک مستوج بروغل روڈ کے وفد کی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات، جلد تکمیل کی یقین دہانی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)  وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی کی قیادت میں تحریک مستوج بروغل روڈ کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

اس سے قبل مستوج بروغل روڈ کے وفد نے ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی تھی، جس میں انہوں نے وفد کو وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے وقت کے تعین کی یقین دہانی کرائی تھی۔

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران تحریک مستوج بروغل روڈ کے وفد نے وزیر اعلیٰ کو اپنے تحفظات اور مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے وفد کو یقین دلایا کہ مستوج بروغل روڈ کے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ مزید برآں، انہوں نے اعلان کیا کہ اس منصوبے کو سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) میں شامل کرتے ہوئے ہر سال 20 کلومیٹر سڑک تعمیر کی جائے گی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ مستوج بروغل روڈ (153 کلومیٹر) کی تعمیر کے حوالے سے ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی مسلسل کوششیں کر رہی ہیں، اور اس سے قبل ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کی مدد سے اس منصوبے پر کام کیا جا چکا ہے۔

اس اہم ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف اپر چترال کے صدر شہزادہ سکندر الملک اور رکن قومی اسمبلی عبد اللطیف بھی شریک تھے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button