کالمز

گانچھے میں دانش اسکول کا قیام، وقت کی اہم ضرورت

گانچھے، گلگت بلتستان کا ایک وسیع مگر پسماندہ ضلع ہے، جہاں تعلیمی انفراسٹرکچر نہایت محدود ہے۔ جدید دور میں تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیادی ضرورت ہے، مگر گانچھے کے طلبہ کو معیاری تعلیمی مواقع میسر نہیں۔ اس علاقے میں نہ تو کوئی معیاری سرکاری یا نجی اسکول موجود ہے اور نہ ہی کوئی کیڈٹ یا ڈگری کالج۔ اس تعلیمی پسماندگی کے پیش نظر دانش اسکول کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، جو علاقے میں تعلیمی انقلاب برپا کر سکتا ہے۔

وفاقی حکومت نے حال ہی میں گلگت بلتستان میں تین دانش اسکول قائم کرنے کا اعلان کیا تھا، جن میں سے ایک گانچھے میں بنایا جانا تھا۔ تاہم، حیرت انگیز طور پر یہ منصوبہ بعد میں ضلع شگر منتقل کر دیا گیا، جو گانچھے کے عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔ پہلے ہی تعلیمی سہولیات سے محروم اس علاقے کو جب ایک معیاری تعلیمی ادارہ ملنے والا تھا، تو اسے آخری لمحات میں منتقل کرنا ناقابلِ فہم فیصلہ تھا اس کے باوجود گانچھے کے عوام نے کوئی مزاحمت نہیں کی کیونکہ شگر بھی بلتستان کا علاقہ ہے

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، شگر میں دانش اسکول کے قیام کے لیے زمین مختص کی گئی تھی، مگر بدقسمتی سے اس پر تنازعہ پیدا ہو گیا، جس کی وجہ سے منصوبے پر عمل درآمد ممکن نہیں ہو سکا۔ اس صورتِ حال میں حکومت کو چاہیے کہ وہ متبادل کے طور پر گانچھے کا انتخاب کرے، جہاں پہلے ہی اسکول کے لیے زمین دستیاب ہے۔

گانچھے میں سلینگ میں ڈویژنل پبلک اسکول کے لیے مختص زمین، جس کی چار دیواری مکمل ہو چکی ہے، دانش اسکول کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ، اہلیانِ سلینگ نے دانش اسکول کے قیام کے لیے مزید زمین دینے کی پیشکش کی ہے، جو عوام کی تعلیم دوستی اور منصوبے کی بھرپور حمایت کو ظاہر کرتا ہے۔

گانچھے جیسے دور دراز علاقے میں دانش اسکول کے قیام سے تعلیم کی اہمیت اجاگر ہوگی اور والدین اپنے بچوں کو تعلیم دلوانے میں زیادہ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گے۔ اس سے معاشی و سماجی ترقی کو فروغ ملے گا، کیونکہ تعلیم یافتہ نوجوان بہتر روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ، طلبہ کو جدید اور معیاری تعلیم میسر آئے گی، جو انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے قابل بنائے گی۔

گانچھے کے عوام بارہا حکومت سے مطالبہ کر چکے ہیں کہ دانش اسکول یہاں قائم کیا جائے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ شگر میں زمین کے تنازعے کو مدنظر رکھتے ہوئے دانش اسکول کو فوری طور پر گانچھے منتقل کرے، کیونکہ یہ اس کے لیے بہترین انتخاب ہے۔ اگر اس منصوبے کو مزید تاخیر کا شکار کیا گیا تو یہ علاقے کے طلبہ کے ساتھ ایک بڑی ناانصافی ہوگی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button