ڈگری کالج جوٹیال کے زیر اہتمام ‘عالمی یوم خواندگی’ کے موضوع پر تقریب کا انعقاد
گلگت( پ ر) گلگت بلتستان میں شرح خواندگی میں اضافے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں خاص طور سے یتیموں ، غریب غرباء اور ضرورت مندوں پر توجہ دیکر بچوں کو سکول کی دہلیز تک پہنچانا وقت کی ضرورت ہے۔ شرح خواندگی کو بڑھانے میں حکومتی اور غیر حکومتی اداروں کی کوششوں کے ساتھ مخیر حضرات کی جانب سے بھی عملی اقدامات اٹھانا ناگزیر ہے۔
ان خیالات کااظہار حال ہی میں سبکدوش ہونے والے پروفیسر سید رزاق نے بحیثیت مہمان خصوصی ایف جی ڈگری کالج فاربوائز جوٹیال گلگت کے زیر اہتمام ‘عالمی یوم خواندگی’ کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب کے میر محفل پرنسپل ایف جی ڈگری کالج فار بوائز جوٹیال گلگت پروفیسر سرباز خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں شرح خواندگی میں اضافے کے لئے حکومتی اقدامات قابل تعریف ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارے خطے کے بعض علاقوں خاص طور سے دیہی علاقوں میں شرح خواندگی قابل رحم حد تک کم ہے اس لئے ان علاقوں پر خصوصی توجہ دینا ہم سب کی اخلاقی ، قومی اور پیشہ وارانہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تقریری مقابلے میں حصہ لینے والے طالب علموں کو زبردست الفاظ میں سراہا ۔
تقریب میں کالج کے پروفیسر اعجاز احمد خان نے خواندگی کی علاقائی اور قومی صورت حال کو اعدادو شمار کے تناظر میں شاندار طریقے سے پیش کیا اور کہا کہ GDPمیں تعلیم کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کرنا اہداف کو حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے۔ تقریری مقابلے میں طالب علم حسین اکبر نے پہلی ،ابرار حسین شاہ نے دوسری اور اسد اللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔مہمان خصوصی پروفیسر سید رزاق، پروفیسر سر باز خان اور دیگر فکلٹی ممبرزنے اپنے دست مبارک سے پوزیشن ہولڈرز میں خصوصی انعامات تقسیم کئے۔ لیکچرار احمد سلیم سلیمی نے احسن طریقے سے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دیے۔