گلگت بلتستان میں سردی کی شدید لہراور بے گھر متاثرین کی ناگفتہ بہ حالت زار
گلگت بلتستان ایک پہاڑی علاقه ہونے کی وجہ سے شدید موسمی حالات کے زیر اثر رہتا ہے. گرمیوں میں زیادہ گرمی اور سردیوں میں سخت سردی پڑنے کی وجہ سے اس خطے میں بسنے والے افراد کو عموما مشکلآت کا سامنا ہوتا ہے. حالیہ دنوں میں برفباری اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث مقامی آبادیاں سخت حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں .
اگر بات صرف سردیوں کی ہوتی تو لوگ شاید اپنے صدیوں سے رائج طریقوں کی مدد سے حالات کا مقابلہ کر سکتے. لیکن ستم یہ ہے کہ سیلاب اور دوسرے قدرتی آفات کی وجہ سے سینکڑوں خاندان بے یار و مددگار خیمہ بستیوں یا رشتہ داروں کے پرانے مکانوں میں مقیم ہیں. ان کے گھر بار تباہ و برباد ہو گیے ہیں اور کئی خاندان اپنے عزیر و اقارب کو بھی کھو چکے ہیں.
ان حالات میں حکومت وقت، سول سوسایٹی، مقامی آبادیوں اور دوسرے تمام اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں تک رسائی حاصل کرکے ان کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی بھر پور کوشش کرے. ایسا نہ کرنے کی صورت میں سیلاب زدگان کی مشکلآت میں کئی گنا اضافہ ہو سکتا ہے.