گلگت بلتستان
کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کریں گے، برجیس طاہر
گلگت(صفدر علی صفدر)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے صوبائی سطح پر پیپلز پارٹی کو جو مینڈیٹ دیا ہے ہم اس کا احترام کرتے ہیں اور محاز آرائی کی سیاست نہیں چاہتے ہیں۔ہم الزامات کی سیاست پر بھی یقین نہیں رکھتے ہے بلکہ کارکردگی کی سیاست پر یقین رکھتے ہے انشا ء اللہ صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان کے لئے بہت جلد ایک مثالی منصوبہ تیار کرینگے ۔
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے بدھ کی شام ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان آکر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور حکومتی و انتظامی ذمہ دارن سے ملاقات میں علاقے کے بہت سارے مسائل کے حوالے سے جاننے کا موقع ملا اور ہم ان مسائل کے حل کے لئے بھر پور اقدامات کرینگے ۔صوبائی سطح پر ہونے والی مبینہ کرپشن اور اقربا پروری کے حوالے سے ایک سوال پر وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ جہاں جہاں کرپشن اور بے ضابطگیاں ہوئی ہے ان سب کی فوری تحقیقات کر کے کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائینگے۔
برجیس طاہر نے حال ہی میں صوبائی حکومت کی طرف سے جاری کروڑوں مالیت کے چیک باؤنس ہونے کے حوالے سے ایک سوال پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو اس حوالے سے انکوائری کر کے حقائق سے آگاہ کرنے کی ہدایت دیدی۔انہوں نے جگلوٹ سکردو روڑ کی توسیعی منصوبے کے لئے فنڈ جاری کرنے کا بھی دعویٰ کرتے ہوئے منصوبے پر بہت جلد کام شروع کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔
انہوں نے واپسی پر وزیر اعظم میاں نواز شریف کی مشاور ت سے گلگت ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ۔گورنر گلگت بلتستان کی تبدیلی کے حوالے سے ایک سوال پر وفاقی وزیر نے دو ٹوک الفاظ میں جواب دیا کہ اس حوالے سے وزیر اعظم نے سمری تیار کرنا ہے اور منظوری دینے کا اختیار صدر مملکت کو حاصل ہے ۔
انہوں نے گلگت بلتستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے صوبائی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔وفاقی وزیر نے دیامر کے علاقے نانگا پربت بیس کیمپ میں غیر ملکی سیاحوں کے قتل کو پاکستان کے لئے 9/11 قرار دیتے ہوئے اس واقعے میں ملوث افراد کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پرویز مشرف کے دور میں پاکستان 5ہزار ارب روپے کا مقروض تھا جو بڑھ کر پیپلز پارٹی کے دور کے اختتام پر ساڑھے 14ہزار ارب سے تجاوز کر گیا اب یہ قرضہ چکانے کے لئے ہمیں نیجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔
ایم ڈی نیٹکو کے ساتھ خفیہ ملاقات اور ان کی مدت ملازمت میں توسیعی دینے کے حوالے سے ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ڈی نتٹکو کے ساتھ ان کی کوئی پر اسرار ملاقات نہیں ہوئی بلکہ تمام محکموں کے سربراہان کی موجودگی میں ایم ڈی نیٹکو نے بھی اپنے ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔