گلگت بلتستان

عالمی یوم ملاله کے موقعے پر طالبات نے وزیر اعلی گلگت بلتستان کو قرار داد پیش کردیا

گلگت( ایم ایچ گوہر) عالمی یوم ملالہ ڈے کی مناسبت سے گلگت بلتستان کے ساتوں اضلاع کی طالبات پر مشتمل ایک وفد نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو طالبات کی تعلیم تک رسائی کے حوالے سے قرار داد پیش کی۔ تیس کے قریب طالبات کے وفد نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں قرار داد کا متن پڑھ کر سنایا۔ اس پروگرام کا انعقاد پلان انٹرنیشنل پاکستان نے کیا تھا۔ اس موقع پر طالبات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ نے کہا کہ ہمیں بہت خوشی ہورہی ہے کہ آج علاقے کی طالبات خود چل کر ہمارے پاس آئی ہیں اور اپنا حق مانگ رہی ہیں۔ ہماری صوبائی حکومت شروع سے ہی معیاری تعلیم کی ترویج کیلئے کام کررہی ہے اور ہم خطے کے تمام اضلاع کے طالبات کو ان کاحق دلانے کیلئے کام کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا ۔ بالکل اسی طرح معاشرے میں ترقی کے عمل میں خواتین کا شریک ہونا بھی ضروری ہے۔ گلگت بلتستان کی حکومت یہاں کے پسماندہ علاقوں میں تعلیم عام کرنے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پلان انٹرنیشنل پاکستان نے یہ ایک مثبت قدم اٹھایا ہے۔ آج عالمی سطح پر ملالہ ڈے منایا جارہا ہے۔ مجھے آپ سب سے اور گلگت بلتستان کی تمام بیٹیوں سے امیدیں ہیں کہ وہ تعلیمی میدان میں ملالہ سے بڑھ کر کردار ادا کریگی۔ ملالہ نے جو کردار ادا کیا اسکو آج عالمی مانا جارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں طالبات نے وزیر اعلیٰ کو پیش کردہ قرار داد پڑھ کر بھی سنائی جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان سمیت گلگت بلتستان میں لڑکیوں کی تعلیم کی صورتحال حوصلہ افزا ء نہیں ہے۔ قرار داد میں کہا گیا تھا کہ تعلیم معاشی بدحالی کابہتر ین حل ہے۔ اور تعلیم ہی بہترین سرمایہ کاری بھی ہے۔ یہ وفد گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے لاکھوں بچوں کی نمائندگی کررہا ہے۔ جو اپنے بنیادی حق کا مطالبہ کررہے ہیں۔ یہ قرار پاکستان کے چاروں صوبوں آزاد کشمیر سمیت دنیا کے تمام ممالک کے حکومتوں کے زمہ داروں کے آج ہی کے دن پیش کی جارہی ہے۔ اس موقع پر پلان پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر راشد جاوید نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان تعلیم نسواں میں سب سے کم شرح داخلہ شرح خواندگی اور تعلیمی بجٹ والے ملکوں میں شامل ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔ اس سے قبل طالبات کے وفد نے مقامی ہوٹل سے وزیر اعلیٰ ہاؤس تک ریلی بھی نکالی ، طالبات کے ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی تھے۔ جن میں خواتین کو تعلیم تک رسائی کے حوالے سے نعرے درج تھے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button