گلگت بلتستان
نعروں اور تقریروں سے آئینی صوبہ نہیں بنتا: وزیر اعلی سید مہدی شاہ
گلگت (پریس ریلیز) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ انکی حکومت سیاسی اجتماعات کی مخالف نہیں لیکن سیاسی جماعتوں اپنے جلسوں کے دوران مقررین اور سیاسی قائدین کو علاقے کی حساسیت کا احساس کرتے ہوئے انتہائی ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرنا چاہیے آئینی حقوق کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی نے سب سے پہلے آواز اٹھائی ہے۔ اگر گلگت بلتستان کے عوام کو قومی دھارے میں لانے کیلئے کسی سیاسی جماعت نے عملی اقدامات کئے ہیں تو وہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہے گلگت بلتستان سے ایف سی آر کا خاتمہ گلگت بلتستان میں جماعتی بنیادوں پر انتخابات اور گلگت بلتستان کو نام دینا سمیت گلگت بلتستان کو صوبائی سیٹ اپ دینا یہ سارے انقلابی اقدامات صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے کئے ہیں آئینی صوبہ ہماری منزل ہے اور قومی اسمبلی اور سینٹ میں نمائندگی ہماری اصل منزل ہے۔ صرف زبا نی نعروں اور تقریروں سے آئینی صوبہ نہیں بنتا آئینی صوبے کا نعرہ لگانے والے جماعتوں کو چاہیے کہ مرکزی سطح پر آواز ٹھائیں اپنے اپنے پارٹیوں کے منشور میں گلگت بلتستان کو نمایاں طور پر شامل کرتے ہوئے عملی طور پر اقدامات کریں۔
گلگت بلتستان کے عوام پر امن اور محب وطن ہیں ہمیں اپنی تقاریر اور اجتماعات میں گلگت بلتستان کی حساسیت کا خیال رکھتے ہوئے ایسے تقاریر سے اجتناب کرنا چاہیے جس سے صوبے میں امن و امان کی فضاء خراب ہو۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح صوبے میں امن وا مان کی فضاء کو بر قرار رکھنا اور رٹ آف گورنمنٹ کو یقینی بنانا ہے ۔ ضابطہ اخلاق ایکٹ دیگر صوبوں کیلئے بھی قابل تقلید دستاویز ہے۔ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ضابطہ اخلاق ایکٹ پر من و عن عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔
وزیر اعلیٰ نے پارلیمانی امن کمیٹی اور مساجد بورڈ کے کردار کو سر اہتے ہوئے کہا کہ مساجد بورڈ ے ممبران بغیر کسی لالچ اور مراعات کے علاقے کی خدمت کررہے ہیں وزیر اعلیٰ نے گلگت بلتستان کے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ مساجد بورڈ کے ممبران کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام حساس مقامات پر سیکورٹی کے فول پروف اقدامات کئے گئے ہیں۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور استعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے مساجد بورڈ کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں جاری تمام ترقیاتی کاموں میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے بروقت مکمل کرنے کیلئے احکامات دئیے ہیں صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جائیگی عوامی نوعیت کے ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی کرپشن ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی کا انحصار امن و امان سے وابسطہ ہوتا ہے۔ لہذا ہمیں اپنے صوبے کے مفاد میں تمام سازشوں کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا اور دشمن کے عزائم کو نا کام بناتے ہوئے گلگت بلتستان کو امن کا گہواہ بنانا ہوگا تاکہ گلگت بلتستان کی ترقی کے خواب کو عملی جامع پہنایا جاسکے۔