علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل سنٹر گلگت کے زیر اہتمام محفل میلاد کا انعقاد
گلگت(پ ر) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل سنٹر گلگت کے ریجنل ڈائریکٹر دلدار حسین نے کہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی علاقے میں معیاری اور جدید تعلیم کے فروغ کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔یونیورسٹی میں اس وقت کورس کے لحاظ سے طلباء و طالبات کی تعداد 54ہزار ہے ۔جن میں سے 85فیصد تعداد طالبات کی ہے ۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات اس وقت قومی اور بین الاقوامی سطح کے علاوہ علاقے کے مختلف اداروں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل سنٹر گلگت کے زیر اہتمام منعقد محفل میلاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے کے طلباء و طالبات میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں جسے نکھارنے کے لئے تعلیمی سرگرمیوں کے علاوہ غیر نصا بی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اس وقت ملک کے ہر علاقوں میں کیمپس قائم کررہا ہے ملک کا ہر علاقہ ہمارا کیمپس ہے ہر گھر ہمارا کلاس روم ہے اور ملک کا ہر فرد ہمارا طالبعلم ہے ۔انہوں نے جشن میلاد کے حوالے سے کہا کہ حضور ؐ کی زندگی ہمارے لئے بہترین عملی نمونہ ہے ۔ہمیں حضور ؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ۔خصوصا گلگت بلتستان میں صبر اور حسن سلوک کی اشد ضرورت ہے ۔ہمیں ایک دوسروں کو قبول اور برداشت کرنا ہوگا۔
محفل میلاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ہائے وے اتھارٹی گلگت بلتستان کے جنرل منیجر عبداللہ جان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پوری دنیا میں ایک اچھی یونیورسٹی ہے جس نے علاقے میں معیاری اور جدید تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ہمارے معاشرے میں ہر بندہ میٹھی میٹھی اور پیاری پیاری باتیں تو کرتا ہے لیکن سب سے زیادہ عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ہم میں سے کسی فرد نے آج تک گلگت بلتستان کے حوالے سے بات نہیں کیا ہے ۔ہمیں اپنے فرائض کو ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔اگر علاقے میں بسنے والے امن و آتشنی سے رہے تو ہمارا علاقہ جنت بن سکتا ہے ۔علاقے میں بسنے والے ہر مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے ہم صرف ایک دوسروں کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں ہم سب کو اپنا اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہے ۔ہمیں حضور ؐ کے تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے ۔محفل میلاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورٹی کے طلباء و طالبات نے حضور ؐ کی سیرت اور امت مسلمہ کی زبوں حالی کے حوالے سے اپنے خیالات کااظہار کیا ۔تقریری مقابلے کا موضوع شخصیت تعمیر سیرت کی روشنی میں تقریری مقابلے میں پہلی پوزیشن فاطمہ بنت حودا،دوسری پوزیشن شہناز باقر اور تیسری پوزیشن مسعود الرحمن نے حاصل کی ۔نعت خوانی کے مقابلے میں پہلی پوزیشن تحریم اور دوسری پوزیشن دلشاد نے حاصل کی ۔اسی طرح حسن قراعت کے مقابلے میں پہلی پوزیشن صادق ولی دوسری پوزیشن ملکہ نے حاصل کی ۔مختلف مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔تقریب کے آخر میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل ڈائریکٹر گلگت دلدار حسین نے این ایچ اے جی بی کے جنرل منیجر عبداللہ جان کو شیلڈ پیش کیا۔