تحصیل گوپس میں غذر یوتھ کانگریس آرگنائزنگ کمیٹی کا قیام
گوپس (نمائندہ خصوصی) تحصیل اِشکومن اور یاسین کے بعد تحصیل گوپس میں غذر یوتھ کانگریس کی آرگنائزنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس حوالے سے اتوارکے روز گُوپس ریسٹ ہاوس میں غذر یوتھ کانگریس کے صدر نور اکبر کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں گُوپس تحصیل میں نوجوانوں اور طلباء کی بڑی تعداد کے علاوہ مختلف سطح پر موجود ان کی قیادت نے شرکت کی جبکہ غذر یوتھ کانگریس کی طرف سے سپیکر عنایت ابدالی ، نائب صدر شمس الدین ڈوسا ، ایجوکیشن سیکرٹری مظہر علی شریک تھے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر سجاد افضل کو چیف آرگنائزر بنایا گیا جبکہ شاہ دوران، واجد حسین ، احسان کریم ، شکیل ، ممتاز ، ظہور ساجد ، مظفر علی اور دیدار علی کوباالترتیب راوشن ، سُمال ، پھنڈر، پنگل ، گُلگمولی، پراپر گوپس ، کھلتی اور ٹیرو کے آرگنائزر مقرر کئے گئے۔ آرگنائزنگ کمیٹی تحصیل گوپس کے تمام یو سیز میں یوتھ کو متحرک کرے گی جس کے بعد گوپس تحصیل میں کانگریس کابینہ کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس کے شُرکاء نے غذر یوتھ کانگریس کو ایک فعال اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے ٹھوس کوششیں کرنے اور نوجوانوں کے حقوق کا علم بلند کرنے پر خراجَ تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہاربھی کیا گیا کہ غذر یوتھ کانگریس کو اپنے مقاصد میں کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے کسی بھی طرح کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں گوپس تحصیل میں نوجوانوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایک نئی اور انقلابی سوچ کے ساتھ مسائل کے حل کے لئے عوام کو متحرک کرنے اور انتظامیہ کو اپنی ذمہ داریوں سے نبردِآزما ہونے پر مجبور کیا جائے گا۔