حمزہ شہباز شریف کا دورہ دیامر مکمل، ڈیم متاثرین کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کا وعدہ
چلاس(ایس ایچ غوری) رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ دیامر بھاشہ ڈیم حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔حکومت کی ترجہح ہے کہ دیامر بھاشہ ڈیم کی تعمیر کے دوران آڑے آنے والے مسائل کو سمجھے اور اسے حل کرے ۔دیامر بھاشہ ڈیم کی تعمیر میں سات آٹھ سال کا عرصہ درکارہو گا،یہ ڈیم پاکستان کی ضرورت ہے ،متاثرین دیامر بھاشہ ڈیم کے مسائل جہاں تک ممکن ہوں حل کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چلاس میں مختلف عوامی وفودسے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئرمین واپڈا سید راغب شاہ،چیف سکریڑی گلگت بلتستان محمد یونس ڈاگا و دیگر اعلی حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔متاثرین دیامر بھاشہ ڈیم کمیٹی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمینی حقائق کو دیکھ کر حقیقت پسندانہ کام کریں گئے ،حکومت متاثرین دیامر بھاشہ ڈٰیم کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ان کے تمام جائز مطالبات حل کیئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ متاثرین دیامر بھاشہ ڈیم کمیٹی کو اعتماد میں لیکر ان کے ساتھ مل بیٹھ کر متاثرین کے خدشات دور کیئے جائیں گے۔مولانا صادق کی قیادت میں تھور کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ باؤنڈری تنازعے کے حل کیلئے آزادانہ کمیشن بنے گا ،انصاف کے تمام تقاضے پورے کیئے جائیں گے ،صبر و تحمل سے کا م لیں اور آنیوالی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے دیامر بھاشہ ڈیم جیسے عظیم منصوبے کو مکمل ہونے دیں ۔انہوں نے کہا کہ حدود تنازعہ کے متعلق زمینی حقائق جاننے آیا ہو ں اور آپ کے مطالبات وزیر اعظم کے گوش گزار کروں گا۔متحدہ قومی مومنٹ کے زونل انچارج حاجی عبدالعزیز کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد کے ساتھ اظہار خیال کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا کہ تمام متاثرین کے ساتھ مساویانہ سلوک روا رکھا جائے گا ایک طرف دیامر بھاشہ ڈیم بنے اور دوسری طرف لوگوں میں احساس محرومی میں اضافہ ہو یہ کسی طرح سے مناسب نہیں۔ڈیم سے متاثرہ تمام طبقات کو یکساں حقوق ملنے چائیں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دینگے۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔گلگت بلتستان کے عوام کیلئے جامع پیکج مرتب کریں گے جس سے خطے کے عوام میں خوشحالی آئے گی۔یہاں پر میگا پراجیکٹس کا آغاز کیا جا رہا ہے جس سے عوام کی تقدیر بدلے گئی۔میاں نواز شریف کی خوہش ہے کہ خطے کے عوام کے ساتھ مل کر عوامی فلاح وبہبود کے منصوبے شروع کیئے جائیں۔ریسٹ ہاؤس چلاس میں اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی حاجی جانباز خان ،ڈویژنل صدر مسلم لیگ ن دیامر استور حاجی غندل شاہ اور ضلعی صدر عبدالوحید کی قیادت میں مسلم لیگ کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت عوام کی خوشحالی کا پروگرام لیکر آئی ہے ۔یہاں کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے ٹکیکنیکل انسٹیوٹ اور ووکیشنل سنٹر بنائیں گے اور پنجاب فیسٹول میں گلگت بلتستان کے کھلاڑیوں کو شامل کریں گے ۔اس موقع پر ڈویژنل صدر حاجی غندل شاہ نے حمزہ شہباز کو روایتی چغہ اور ٹوپی پہنائی اور علاقے کے مسائل کے حوالے سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا ۔
حمزہ شہباز شریف نے تھور واپڈا کالونی کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا بعد ازاں تھور ریسٹ ہاؤس میں چئیرمین واپڈا سید راغب شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسوقت تھور واپڈا کالونی کا ستر فیصد کام مکمل ہوا ہے اور دیگر تعمیراتی کام جلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے گا ،انہوں نے کہاکہ متاثرین دیامر بھاشہ ڈیم کی دوبارہ آباد کاری کے لئے ہرپن داس،تھک داس،اور کینوداس میں کالونیاں تعمیر کی جائینگی اور ہرپن داس چلاس میں تعمیراتی کام جاری ہے چئیرمین واپڈا نے مذید کہا کہ ڈیم کے مین کام شروع ہوگا بیروزگاروں کو مختلف شعبوں میں ملازمتیں ملیں گی جس سے علاقے میں بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ حکومت سے پر امید ہے کہ وہ بروقت فنڈنگ کرے گی تاکہ ہم بروقت ڈیم کے مین کام کا آغاز کرینگے۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان یونس ڈاگا نے ڈیم کے زد میں آنے والی اراضی کی ادائیگیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فیز ون کھنبری تھوراور ہوڈر کے متاثرین اراضی واملاک کی مکمل ادائیگی کی گئی ہے جبکہ چلاس سے رائیکوٹ تک کے اراضی اور املاک کی ادایئیگیاں کرنی ہے اس حوالے سے متاثرین کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کو ٹیکنیکل ٹرینینگ کا آغاز کیا جارہا ہے تاکہ یہاں پر بیروزگاری کا خاتمہ ممکن ہو۔
اس موقع پر حمزہ شہباز نے کہا کہ دیامر بھاشہ ڈیم کی تعمیر میں درپیش مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کے لئے اقدامات کئے جایئنگے دیامر بھاشہ ڈیم کے زریعے سستی بجلی پیدا ہوگی اور پانی کا ذخیرہ بھی اسی ڈیم کے زریعے ہوگا دیامر بھاشہ ڈیم ملک کے لئے لائف لائن ہے اس پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے متاثرین کے بحالی اور دیگر ضروریات کا بھرپور خیال رکھا جائے ضلع بھر میں صحت ارو تعلیم کے مختلف پراجیکٹ شروع کریں اور عوام کو تمام ضروری سہولیات فراہم کریں اور حکومت بھرپور تعاون کریگی قبل ازیں ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز تھور ہیلی پیڈ پر اترے تو اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی حاجی جانباز خان،چیف سیکرٹری گلگت بلتستان یونس ڈاگا،ڈپٹی کمشنر دیامر کیپٹن(ر)شہباز طاہرندیم،ایس پی دیامر نوید خان اور واپڈا حکام نے استقبال کیا اس موقع پر اپوزیشن لیڈر حاجی جانباز خان نے حمزہ شہباز اور دیگر مہمانوں کو روایتی شال اور ٹوپی پہنائی