کھیل

گلگت: 19 اپریل سے جشن بہاراں پولو ٹورنامنٹ شروع ہوگا، اٹھارہ ٹیمیں شرکت کرینگی

file3 copy

گلگت ( پ ر ) حکومت گلگت بلتستان اور محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام جشن بہاراں پولو ٹورنامنٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں تمام ضلعوں سے 18مختلف ٹیمیں شریک ہونگی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ گلگت بلتستان اجمل بھٹی نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولو گلگت بلتستان کی ثقافت کا اہم پہلو ہے اور یہاں کی عوام اس کھیل سے بہت محبت کرتی ہے۔ حکومتی سطح پر اس کھیل کی سرپرستی کی بدولت اس کھیل کا ہر سال انعقاد عوام کے لیئے تفریح کے صحت مند مواقع فراہم کرتا ہے۔ جشن بہاراں پولو ٹورنامنٹ کا آغاز گلگت میں آغا خان شاہی پولو گراونڈمیں 19اپریل سے ہوگا اور 28اپریل کو اختتام پذیر ہوگا۔ گلگت بلتستان اور چترال میں کھیلا جانے والا یہ کھیل اپنی قدیم اور روایتی شکل میں کھیلا جاتا ہے اور اسی کے باعث یہ کھیل اور شندور ٹورنامنٹ دنیا بھر میں پولو شائقین کے لیئے انتہائی کشش رکھتا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ رفتہ رفتہ یہ کھیل دوسرے کھیلوں کی نسبت اپنی کشش کھوتا جا رہا ہے اس لیئے حکومت کی بھر پور کوشش ہے کہ وہ اپنی سرپرستی میں مقامی ایسو سی ایشنز کے ساتھ ایسے کھیلوں کا انعقاد کرتی رہے تاکہ یہ کھیل عوام میں زندہ رہے اور اس کے زریعے گلگت بلتستان کی ثقافت اجاگر ہوتی رہے۔ دنیا بھر سے آنے والے سیاح بھی خصوصی طور پر ان ٹورنامنٹس کا بے تابی سے انتظار کرتے ہیں اور یہ بات ثابت کرتی ہے کہ اس کھیل پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

میڈیا سے خطاب کے موقع پر گلگت بلتستان پولو ایسوسی ایشن کے صدر اشرف گل بھی موجود تھے جنہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے موقع پر مقامی موسیقی کے ساتھ ساتھ براس بینڈ کا بھی انتظام کیا گیا ہے اور بلتستان سے ایک موسیقی کا طائفہ بھی خصوصی طور پر شریک ہوگا اور شائقین کو محظوظ کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں پولو فری سٹائل پولو کہلاتا ہے جو کہ اپنی اولین شکل میں اب بھی کھیلا جا رہا ہے اور اس علاقے میں پولو کی ترویج کے لیئے ایک پراجیکٹ پر بھی کام جاری ہے جس کے تحت معیاری پولو گراونڈز بنائے جائیں گے اور اعلیٰ نسل کے گھوڑوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر محکمہ ٹورزم کے ڈپٹی سیکریٹری حسین علی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ساجد حسین نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے موقع پر اخباراور میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا تاکہ ٹورنامنٹ کی مقامی اور ملکی سطح پر بھر پور پذیرائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button