کھیل

شندور فیسٹیول، انتظامات میں کوئی کمی نہیں رکھی جائیگی: سعدیہ دانش

0000
گلگت( پ ر) شندور فیسٹیول کی سٹیرنگ کمیٹی کے ممبران سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات، کھیل ثقافت وسیاحت سعدیہ دانش نے جو کہ اس کمیٹی کی چیئر پرسن بھی ہیں کہا ہے کہ شندور کا میلہ چونکہ دنیا کے بلند ترین میدان میں منعقد کیا جاتا ہے اور وہاں پر منفرد انداز میں پولو کا کھیل نہایت ہی سنسنی خیز اور دلچسپی کا باعث ہے اس لیئے تمام شائقین کی نظریں اس پر جمی ہوتی ہیں اس لیئے گلگت بلتستان کی حکومت اس سال بھی شاندار طریقے سے پولو کے روایتی اور مشہور ٹورنامنٹ کا انعقاد کروائے گی اور انتظامات میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی تاکہ اس موقع پر آنے والے تمام ملکی اور غیر ملکی سیاح ہماری مہمان نوازی کی اعلی روایات کا لطف اٹھا سکیں۔ یہ ٹورنامنٹ تمام دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر دینے میں مددگار ثابت ہوگا اور سیاحت کے موسم کے آغاز میں اس کے انعقاد سے لوگوں اور باہر سے آنے والے تمام افراد کو بہترین تفریح کا موقع بھی ملے گا۔
اجلاس میں فیسٹیول کے حوالے سے تمام تر انتظامات کے بارے میں صوبائی وزیر کو متعلقہ حکام نے آگاہ کیا اور صوبائی حکومت کی تیاریوں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر سٹیئرنگ کمیٹی کے ممبران صوبائی وزیر قانون و تعلیم علی مدد شیر ، سیکریٹری سیاحت اختر رضوی ،ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ اجمل بھٹی، ڈپٹی کمشنر غذر اور پولیس کے حکام سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے زمہ داران نے شرکت کی۔ فیسٹیول کے موقع پر سیکیورٹی ، رہائش کی سہولیات ، آمد و رفت اور دیگر انتظامات کے بارے میں تمام افسران نے اپنے اداروں کی جانب سے کی گئی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔ صوبائی وزیر نے تمام تیاریوں کو اطمینان بخش قرار دیا اور تمام حکام پر زور دیا کہ فیسٹول کے موقع پر تمام مقامی اور غیر مقامی شرکاء کو کسی بھی طرح کی تکلیف نہ ہونے پائے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button