گلگت، پیرامیڈیکل سٹاف کےلیے منعقد تربیتی پروگرام اختتام پذیر
گلگت:( پ ر) صوبائی وزیر برائے اطلاعات سعدیہ دانش نے کہاہے کہ ایک انسان کی جان بچانا ساری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف ہے اور مسیحائی ایک مقدس پیشہ ہے۔ معاشرے میں صحت عامہ کی سہولیات کو عام کرنے اور بیماروں کے علاج اور تدارک کے لیئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔علاقے کے دور افتادہ قصبوں اور آبادیوں میں مریضوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیئے موزوں طور پر تربیت یافتہ پیرا میڈیکل سٹاف کا ہونا اشد ضروری ہے تاکہ مریضوں کو بروقت اور مناسب ابتدائی طبی امداد مل سکے اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے Integrated Health Serviceکے زیر اہتمام پیرا میڈیکل سٹاف کے لیئے منعقد کیئے گئے ٹریننگ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے مزیدکہا کہ حکومت نے اپنی نئی سکیموں میں صحت عامہ کے شعبے کی ترقی کے لیئے مزید فنڈز مختص کیئے ہیں تاکہ صوبے کے عوام بیماریوں اور آفات سے کم سے کم متاثر ہوں اور صحت کا معیار بلند کیا جا سکے۔ انہوں نےIntegrated Health Service کو مبارکباد دی کہ یہ ادارہ پہلی مرتبہ خطے میں اس طر ح کی معیاری سرگرمی کا انعقاد کرا رہا ہے جو کہ طبی سہولیات فراہم کرنے والے پیشہ ور افراد کے استعداد کار میں اضافے کا باعث ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر زعیم ضیاء نے کہا کہ صوبے میں پیرا میڈیکل سٹاف کو پہلی مرتبہ ان کے ادارے کے زیر اہتمام اس طرح کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے جو کہ ایک تاریخی اقدام ہے۔ تقریب میں دیگر شرکاء نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ پسماندہ علاقوں میں جہاں پر ڈاکٹرز دستیاب نہیں وہاں پر پیرامیڈیکل سٹاف کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں قیمتی انسانی جانیں بچانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ تقریب کے آخر میں صوبائی وزیر اطلاعات سعدیہ دانش نے تربیت مکمل کرنے والے ٹیکنیشنز میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کیئے اور انکو مبارکباد پیش کی۔