تعلیم
شگر، ملاله یوسفزئی پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کرنے پر پاک فوج کو خراج تحسین
شگر(عابد شگری) ملالہ یوسفزئی ورلڈ پبلک سکول فری ایجوکیشن سسٹم شگر کے چیئر مین شیر محمد اور سکول کے طلبہ و طالبات نے ملالہ یوسفزئی پر قاتللانہ حملے میں ملوث افراد کی گرفتاری پر شکر کا سجدہ بجالاتے ہوئے پاک فوج کو سلام پیش کیا ہے کہ جنہوں نے اس قوم کی بیٹی پر جان لیوا حملہ کرنے والے سفاک درندوں کو گرفتار کرلیا۔شیر محمد شگر ی نے کہا ہے کہ وہ ملالہ پر حملے میں ملوث افراد کی گرفتاری پر بہت خوش ہیں۔ملالہ نے تعلیم خصوصا بچیوں کی تعلیم کیلئے گراں قدر خدمات انجام دی جس کو ملک دشمن عناصر کو تکلیف ہوئی اور انہیں جان سے مارنے کی ناپاک جسارت کی لیکن اللہ نے ملالہ کو نئی زندگی بخش دی وہ آج قوم کی بچیوں کی تعلیم کیلئے میداں میں ہیں لیکن وہ عناصر خصوصا ملا فضل اللہ آج غاروں میں چھپے پھر رہے ہیں۔انہوں نے ملالہ یوسفزئی پر حملے میں ملوث افراد کی گرفتاری پر پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف،ترجمان پاک فوج میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ اور پاک فوج کے دیگر افسران اور جوانوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ضرب عضب میں حصہ لیکر ملک کے دشمن عناصر کی سرکوبی کررہے ہیں۔یاد رہے ملالہ یوسفزئی ورلڈ پبلک سکول شگر علاقے کے غریب نادار اور بے سہارہ خاندان کے بچے اور بچیوں کو مفت تعلیم کیساتھ ساتھ مفت یونیفارم اور کتابیں بھی مہیا کرتا ہے۔ جو 2012سے تعلیم کی فروغ کیلئے سرگرداں اور سرگرم عمل ہیں۔